نوشہرہ ‘صوبہ بھر میں ہنگامی بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کی اشد ضرورت ہے۔ پرویز خٹک

اتوار 24 جنوری 2016 23:32

نوشہرہ ‘صوبہ بھر میں ہنگامی بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن ..

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے کہاہے کہ صوبہ بھر میں ہنگامی بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کی اشد ضرورت ہے سیکورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے ادارے بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف بھر پور اقدامات اٹھائیں تاکہ صوبے میں مستقل امن قائم ہو ‘ صوبائی حکومت ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے‘ انہوں نے وزیر اعظم نوازشریف سے آل پارٹی کانفرنس بلانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کو روکنے کیلئے ایک بار پھر سیاسی اور عسکری قیادت کو مل کرسر جوڑناچاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز نوشہرہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ باچا خان یونیورسٹی ایک عظیم سانحہ ہے ‘پوری قوم سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کانہیں ہے‘ دہشت گردی سے سب متاثرہورہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہواہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گرد مزید تعلیمی اداروں پر حملوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں اس لیے وقت کی ضرورت ہے وزیر اعظم نوا زشریف فوری طورپر سیاسی اور عسکری قیادت پرمشتمل آل پارٹی کانفرنس بلائیں تاکہ متفقہ لائحہ عمل طے ہوسکے ۔انھوں نے کہا کہ افغان مہاجرین سمیت تمام غیر قانونی طور پررہائش پذیر افراد کے خلاف بھر کاروائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے افغان مہاجرین وفاقی حکومت افغانستان کے ساتھ ملکرافغان مہاجرین کی واپسی کاٹائم فریم بنائیں کیونکہ ہماری صوبے کی معیشت پہلے ہی دہشت گردی سے تباہ حال ہے اس لئے افغان مہاجرین مزید میزبانی نہیں کرسکتے کیونکہ ان کی وجہ سے امن وامان کی صورت حال بھی خراب سے خراب تر ہورہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ ہمارے باڈر ز سیل کرکے صرف پاسپورٹ پرآمد ورفت کی اجازت ہونا چاہئے یا پھر افغان مہاجرین کوشہریت دی جائے تاکہ وہ کسی قانونی دائرے میں آسکیں اب تو کسی طور پرپاکستانی قانون کے تابع نہیں ہیں۔انھوں نے خیبرپختونخوا کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ ارد گرد کے ماحول کاجائز ہ لیں اورمشکوک افراد کی سرگرمیوں سے پولیس کنٹرول رومز کواطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :