رواں مالی سال کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کے اجراء میں 63 فیصد اضافہ

پیر 25 جنوری 2016 12:16

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جنوری۔2016ء) گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے نجی شعبہ کو گاری کئے گئے قرضوں کی شرح میں 63فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، اور یکم جولائی 2015ء تا 5جنوری 2016ء کے دوران نجی شعبہ کو 324 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں۔ بینکنگ کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران نجی شعبہ کو جاری کئے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 198ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اسطرح گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران نجی شعبہ کو 126ارب روپے کے زائد قرضے جاری کئے گئے ہیں، جن کا تناسب 63.63 فیصد زائد بنتا ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ نجی شعبہ کو جاری کئے گئے قرضوں کی شرح میں ہونے والا اضافہ ملک میں صنعتی،تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

جس سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے اضافہ کی عکاسی ہوتی ہے جو ملکی معیشت کی ترقی کے حوالے سے انتہائی مثبت رجحان ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ قرضوں کے حصول سے نجی شعبہ کو اپنی مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے نہ صرف ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ اس سے روزگار کی فراہمی کے مواقع بھی بڑھتے ہیں جو بے روزگاری کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔