انڈر 19 ورلڈ کپ پرسوں شروع ہو گا، پاکستان مہم کا آغاز 28 جنوری کو افغانستان کیخلاف میچ سے کرے گا

پیر 25 جنوری 2016 12:27

انڈر 19 ورلڈ کپ پرسوں شروع ہو گا، پاکستان مہم کا آغاز 28 جنوری کو افغانستان ..

ڈھاکہ ۔ 25 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جنوری۔2016ء) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ بدھ سے بنگلہ دیش میں شروع ہو گا، جنوبی افریقہ ٹائٹل کا دفاع کرے گا، پاکستانی یوتھ ٹیم اپنی مہم کا آغاز 28 جنوری کو افغانستان کے خلاف میچ سے کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز 27 جنوری سے بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کی 16 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ان ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ گروپ بی افغانستان، کینیڈا، پاکستان اور سری لنکا، گروپ سی میں انگلینڈ، فجی، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے جبکہ گروپ ڈی میں بھارت، آئرلینڈ، نیپال اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی یوتھ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، 2014 میں کھیلے گئے عالمی کپ میں پروٹیز نے گرین شرٹس کو ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے باعث میگا ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی جس کی وجہ سے آئرش ٹیم متبادل کے طور پر ایونٹ میں شریک ہو گی۔ فجی کو پہلی بار عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کا اعزاز حاصل ہو گا۔ ایونٹ کے افتتاحی روز دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں میزبان بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ اور فجی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 28 جنوری کو افغانستان، دوسرا 30 جنوری کو کینیڈا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 3 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیم کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز 5، 6،7 اور 8 فروری، سیمی فائنلز 9 اور 11 فروری کو کھیلے جائیں گے جن کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھے گئے ہیں۔ عالمی چیمپئن کا فیصلہ 14 فروری کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل میں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :