سپورٹس ڈوپنگ سکینڈل :ایڈیڈاس کا آئی اے اے ایف سے معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ

پیر 25 جنوری 2016 12:48

سپورٹس ڈوپنگ سکینڈل :ایڈیڈاس کا آئی اے اے ایف سے معاہدہ ختم کرنے کا ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جنوری۔2016ء) ایڈیڈاس اور آئی اے اے ایف کے درمیان 11 سال کا معاہدہ سنہ 2008 میں ہوا تھا جو سنہ 2019 تک جاری رہنا تھا۔سپورٹس کے سازوسامان بنانے والی معروف کمپنی ایڈیڈاس نے ایتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف سے اپنی سپانسرشپ قبل از وقت ہی ختم کر دی ہے۔ کمپنی نے آئی اے اے ایف کو اپنے فیصلے سے مطلع کیا ہے کہ وہ اپنا معاہدہ چار سال قبل ہی ختم کرنے جا رہی ہے۔

اس فیصلے کو سپورٹس میں ڈوپنگ کے سکینڈل کا براہ راست نتیجہ کہا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کے نتیجے میں آئی اے اے ایف کی آمدنی میں لاکھوں ڈالر کی کمی ہو جائے گی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایڈیڈاس نے نومبر کے مہینے میں ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے آزاد کمیشن کی پہلی رپورٹ کے بعد آئی اے اے ایف کو آگاہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روس میں ڈوپنگ سرکاری طور پر کی گئی تھی۔

رواں ماہ کے اوائل میں کمیشن کے سربراہ ڈک پاوٴنڈ نے دوسری رپورٹ جاری کی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بدعنوانی آئی اے اے ایف میں سابق صدر لیمائن ڈیاک کی سرپرستی میں جاری تھی۔سپورٹس کی دنیا میں جاری بحران میں ایڈیڈاس کا معاہدہ ختم کرنا آئی اے اے ایف اور صدر لارڈ کو کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہوگااس کے بعد چند دنوں میں ہی ایڈیڈاس نے آئی اے اے ایف سے اپنا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ دونوں کے درمیان 11 سال کا معاہدہ سنہ 2008 میں ہوا تھا جو سنہ 2019 تک جاری رہنا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ معاہدہ تین کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا تھا۔لیکن ذرائع نے بتایا ہے کہ نقدی اور مصنوعات کے لحاظ سے یہ رقم اس سے کہیں زیادہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق یہ 80 لاکھ سالانہ تھا۔ اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ آئندہ چار سال میں اسے تقریباً تین کروڑ کی آمدنی ہونی تھی۔