آسٹریلین اوپن: راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ اگلے مرحلے میں پہنچ گئے

پیر 25 جنوری 2016 12:48

آسٹریلین اوپن: راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ اگلے مرحلے میں پہنچ گئے

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جنوری۔2016ء) آسٹریلین اوپن میں راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ اگلے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ویمنز ایونٹ میں سیرینا ولیمز اور ماریہ شیراپووا نے بھی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔میلبورن میں جاری ایونٹ میں سوئس اسٹار فیڈرر کو اپنے حریف ڈیوڈ گوفن کو ہرانے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی، اْنہوں نے بیلجیئن کھلاڑی کو چھ دو، چھ ایک اور چھ چار سے مات دی، فیڈرر کے برعکس عالمی نمبر ون جوکووچ کو جائلز سیمون کو ہرانے کے لیے پورے پانچ سیٹ تک کورٹ میں رہنا پڑا۔

اس چوتھے راؤنڈ میں جوکووچ کی کامیابی کا اسکور چھ تین، چھ سات، چھ چار، چار چھ اور چھ تین رہا، ٹوماس برڈیچ نے بھی پانچ سیٹ کے بعد اپنے حریف رابوٹو بوٹسٹا پر فتح پائی، اسکور چار چھ، چھ چار، چھ تین ، ایک چھ اور چھ تین رہا، ایک اور مقابلے میں جاپان کے نشی کوری نے معروف کھلاڑی فرانس کے ولفریڈ سونگا کو اسٹریٹ سیٹ میں ٹھکانے لگادیا۔

(جاری ہے)

ویمنز ایونٹ میں دفاعی چیمپئن سیرینا ولیمز نے فتح حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا، اگلے میچ میں اْن کا مقابلہ روس کی ماریہ شیراپووا سے ہوگا جو چوتھے راؤنڈ کا مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہیں، ویمنز ایونٹ میں ریڈ وانسکا اور کارلا سواریز نے بھی حریفو ں کو مات دے دی۔