وفاقی محتسب تھانوں میں اصلاحات سے متعلق سفارشات کو رواں ماہ کے آخر تک حتمی شکل دیگا

تھانوں میں عوام کی سہولت اور عوام دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے تعلیم یافتہ اہلکار تعینات کئے جائیں ٗ تجویز

پیر 25 جنوری 2016 18:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) وفاقی محتسب تھانوں میں اصلاحات سے متعلق سفارشات کو رواں ماہ کے آخر تک حتمی شکل دے گا۔ وفاقی محتسب نے تھانوں میں اصلاحات سے متعلق کمیٹی کو اس حوالے سے اپنی سفارشات 28 جنوری تک پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی محتسب نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں یہ کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں سے پولیس اور ایف آئی اے کے سابق سینئر افسران سمیت اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

وفاقی محتسب کی جانب سے تھانوں میں اصلاحات سے متعلق تیار کی گئی سفارشات کی کاپی کمیٹی کے تمام ممبران کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ وفاقی محتسب نے تھانوں میں اصلاحات سے متعلق تفصیلی سفارشات پیش کی ہیں جبکہ وفاقی محتسب کی اس حوالے سے کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کو طلب کیا گیا جس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد ان سفارشات کو حتمی شکل دی جائیگی جس کے بعد اسے سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب کی جانب سے تیار کی گئی سفارشات میں تھانوں میں شفافیت اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں اور تعیناتیوں پر زور دیا گیا اس کے علاوہ وفاقی محتسب نے تھانوں میں تعینات پولیس اہلکار کو کسی دباؤ کے بغیر کام کرنے کا ماحول فراہم کرنے اور مقررہ مدت تک تعیناتی یقینی بنانے کی سفارش کی ہے۔ وفاقی محتسب کی جانب سے یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ تھانوں میں عوام کی سہولت اور عوام دوست ماحول فراہم کرنے کے لئے تعلیم یافتہ اہلکار تعینات کئے جائیں جبکہ ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ رویوں میں بہتری لا کر تھانے کے ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

وفاقی محتسب نے تھانوں میں اصلاحات سے متعلق کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیں اور انہیں مزید بہتر بنانے کے لئے رواں ماہ کی 28 تاریخ تک اپنی تجاویز سے آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :