زرداری اور نواز شریف کو عوام کے جان و مال کی کوئی پروا نہیں:اعجاز چودھری

پیر 25 جنوری 2016 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری اور شبیر سیال نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف اور انکے درباری صرف مال بنانے میں لگے ہوئے ہیں انہیں غریب عوام کی جان و مال کی کوئی پروا نہیں سندھ اور پنجاب میں غریب مریض تڑپ تڑپ کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، تھر میں غذائی قلت اور پنجاب میں سوائن فلو سے ہلاکتیں حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ، محکمہ صحت اور صوبائی حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ہلاکتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے ان ہلاکتوں کی ذمہ دار حکمران ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مشترکہ بیان میں ، انہوں نے کہا کہ سند ھ اور پنجاب کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور نہ ہی کوئی اقدامات کیے جا رہے ہیں ہسپتالوں میں نہ غریب مریضوں کو دوائیں مل رہی ہے بلکہ مریض دربدر کی ٹھو کریں کھانے پر مجبور ہے انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کا سارا پیسہ حکمران اپنے ناکام منصوبوں پر لگا رہے ہیں اربوں روپے کی اشتہار بازی کی جا رہی ہے جس سے عوام کو رتی بھر بھی فائدہ نہیں ہو رہا ، حکومت اورنج ٹرین منصوبہ کی آڑ میں غریب عوام کی زندگی بھر کی جمع پونجی چھینے میں لگی ہوئی ہے ، ثقافتی ورثہ کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ دوسری طرف دہشت گرد قوم کے مستقبل کے معماروں کا خون بہا رہے ہیں حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کر رہی جتنا پیسہ میٹرو اور اورنج ٹرین پر لگے گا اس پیسہ سے افغانستان کا سارا بارڈر محفوظ بنایا جا سکتا تھا لیکن حکمرانوں کی تمام تر توجہ عوام کی جان و مال کی حفاظت نہیں بلکہ مال بنانے پر ہے ،پنجاب حکومت لوکل باڈی کے حوالے سے جو نیا کالا قانون لائی ہے ایک دفعہ پھر (ن) لیگ نے چھانگا مانگا کی سیاست کا آغاز کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے این اے 128میں دھاندلی ثابت ہونے پر تحریک انصاف کے مؤقف کی ایک بار پھر تائید ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے صرف نئے قرض لینے پر مصروف ہے 20ہزار ارب تک قرضہ پہنچ چکا ہے اور اندورنی قرضہ اس کے علاوہ ہے ، قرض لیگ نے قوم کے بچے بچے کو مقروض کر دیا ہے بجلی اور گیس کا بحران حل نہیں ہو سکا جس نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے حکمران قوم کے مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے اورنج ٹرین منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے ، انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے غریب عوام کو مار دیا ہے حکومت جان بوجھ کر پٹرول سستا نہیں کر رہی جو کہ عوام کیساتھ سراسر زیادتی ہے ، خدارا حکمران عوام پر ترس کھائیں اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔