ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے عثمان سنٹر میکلوڈ روڈ کی مسماری روک دی

عدالت نے وینس سٹاپ ملتان روڈ پر بھی شہری کی دکان گرانے کیخلاف حکم امتناعی جاری کر دیا

پیر 25 جنوری 2016 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے عثمان سنٹر میکلوڈ روڈ کی مسماری روک دی، عدالت نے وینس سٹاپ ملتان روڈ پر بھی شہری کی دکان گرانے کیخلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عثمان سنٹر میکلوڈ روڈ کے دکانداروں اعظم خان، محمد زاہد، محمد ساجد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ حکومت اور ایل ڈی اے اورنج ٹرین منصوبے کیلئے عثمان سنٹر کی مسماری کرنا چاہتی ہے،مارکیٹ ریٹ کے مطابق تینوں دکانوں کی قیمت دو کروڑ دس لاکھ روپے بنتی ہے مگر حکومت دکانوں کے عوض معمولی معاوضہ دے رہی ہے جو بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت نے دکانوں سمیت عثمان سنٹر کی جگہ ایکوائرکرنے کیلئے متعلقہ قانون پر عملدرآمد نہیں کیا لہٰذا عثمان سنٹر کی مسماری روکنے کا حکم دیا جائے، وینس سٹاپ ملتان روڈ کے دکاندار فیصل منظور کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایل ڈی اے کے افسران کوئی نوٹس اور معاوضہ دیئے بغیر ہی اس کی دکان مسمار کر چاہتے ہیں، دکان مسمار ہوئی تو اس کا سامان بھی ضائع ہو جائے گا، حکومت کا یہ اقدام دھونس کے زمرے میں آتا ہے لہذا درخواست گزار کی دکان کی مسماری روکنے کا حکم دیا جائے ، فاضل بنچ نے ابتدائی سماعت کے بعد ایل ڈی اے کو اورنج ٹرین منصوبے کیلئے عثمان سنٹر میکلوڈ روڈ اور وینس سٹاپ ملتان روڈ پر شہری کی دکان مسمار کرنے سے روکتے ہوئے حکومت اور ایل ڈی اے سے چار فروری تک جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :