بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کرنے سے حکومتی دعوے بے نقاب ہوگئے‘پیر اعجاز ہاشمی

عدلیہ کے دباو کے نتیجے میں کروائے جانے والے بلدیاتی انتخابات محض ڈھونگ تھا‘مرکزی صدر جمعیت علماء پاکستان

پیر 25 جنوری 2016 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجازاحمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کرنے کے مسلسل اقدامات نے اس کی جمہوریت پسندی کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجا زہاشمی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں دیے گئے اختیارات اور طریقہ انتخاب میں تبدیلیوں سے واضح ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نچلی سطح پر منتخب نمائندوں کوبرداشت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

عدلیہ کے دباو کے نتیجے میں کروائے جانے والے بلدیاتی انتخابات محض ڈھونگ تھا۔ الیکشن کمشن کو آرڈیننسوں کے اجرا کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے گئے، مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ پہلے حلف برداری میں تاخیری حربے استعمال کئے گئے جبکہ اب مخصوص نشستوں کے طریقہ انتخاب کو حکومت اپنی خواہش کے مطابق چلانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوری نرسریاں سمجھی جاتی ہیں، ان میں حکومت کو رکاوٹیں پیدا نہیں کرنی چاہئے۔ ورنہ مسلم لیگ ن کی جمہوریت پسندی کے دعوے سب کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لئے سیڑھیوں پر علامتی اجلاس منعقد کررہی ہیں، جبکہ حکومت آرڈینیس جاری رہی ہے۔ جوکہ جمہوری حکومت کہلانے والی جماعت کے لئے افسوسناک بات ہے۔