وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی کی ملاقات

پیر 25 جنوری 2016 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کامحور عوام کی خدمت ہے ۔محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر نچھاور کیے جارہے ہیں ۔

متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پسماندہ علاقوں میں بھی بڑے منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دانش سکول سسٹم کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں غریب گھرانوں کے بچوں کیلئے معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں ۔خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا زبردست پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پروگرام سے دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا۔ڈیڑھ سو ارب روپے کا خادم پنجاب دیہی روز پروگرام دیہی زندگی کو بدل دے گا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے محمد رضا حیات ہراج اورایم پی اے جہانگیرخانزادہ شامل تھے ۔ایم پی اے منشاء اﷲ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔