پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، حکومت آزادی اظہار رائے کیلئے پر عزم ہے ، جمہوریت اور میڈیا کی آزادی ایک دوسرے کیلئے لازم وملزم ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی یورپی یونین کے سفیر جین فرانسس سے ملاقات میں گفتگو

پیر 25 جنوری 2016 21:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ دینے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ وہ پیرکو یہاں یورپی یونین کے سفیر جین فرانسس سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے کیلئے پر عزم ہے ، جمہوریت اور میڈیا کی آزادی ایک دوسرے کیلئے لازم وملزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مختلف شعبوں میں یورپی یونین سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے پاکستان کو یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ توقع ہے یورپی یونین پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں میڈیا آزاد اور متحرک ہے ۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت میڈیا ہاؤسز کی سکیورٹی کو یقینی بنارہی ہے اور میڈیا کے بلاخوف وخطرذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے بہترین ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف معاملات پر میڈیا یا عوام کی آگاہی اور رائے عامہ کیلئے کردار اداکررہاہے،یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان میں میڈیا کی آزادی کو سراہا۔