آرمی چیف کومدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظر ثانی کے حوالے سے خط لکھیں گے‘ ایکس سروس مین سوسائٹی

منگل 26 جنوری 2016 13:28

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء ) نیشنل ایکس سروس مین سوسائٹی پاکستا ن کے جنرل سیکرٹری میجر (ر)حبیب الرحمان خان میو نے کہاہے کہ آرمی چیف کومدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظر ثانی کے حوالے سے خط لکھیں گے، افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پورصلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کی جانب میلی نگاہ سے دیکھنے والوں کی قوت بینائی چھین لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ حبیب الرحمان خان میو نے کہاکہ پاک فوج کے ہر جوان نے خون کے آخری قطرے تک اور جسم کی آخری سانس تک مادر وطن کی حفاظت کی قسم کھائی ہے،دشمن کسی بھول میں نہ رہیں ہما ری افواج طوفانوں کا رخ موڑنا خوب جانتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور جنگ کے دوران گھوڑے نہیں بدلے جاتے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان نا مساعد حالات میں جب دشمنان نے پاکستان کو چاروں اطراف سے گھیر رکھا تھا جس انداز سے ملک کا دفاع کیا،جس خوبصورت حکمت عملی سے معاملات کوسنبھالا وہ واقعی قابل تحسین اوران کی کاوشوں ،سمجھداری اور حب الوطنی کے چرچے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں ہر زبان زد عام ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ایک محب وطن اور قابل جرنیل ہیں اسی لئے انہوں نے ملکی حالات کو خوش کن جہتوں سے روشناس کرایا۔ مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو خط لکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کو ہم آہنگی اور یکجہتی کی فضاء پیدا کرنے کی ضرورت ہے اوراگر ہم اس میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ وقت دور نہیں جب اقوام عالم کے فیصلے کرتے وقت لفظ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :