سنچورین ٹیسٹ ، ربادا نے جنوبی افریقہ کا جیت کے لیے انتظارختم کردیا

منگل 26 جنوری 2016 16:04

سنچورین ٹیسٹ ، ربادا نے جنوبی افریقہ کا جیت کے لیے انتظارختم کردیا

سنچورین (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار26جنوری- 2016ء) جنوبی افریقہ نے کگیسو ربادا کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں 280 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی تاہم سیریز 2-1 سے جنوبی افریقہ کے نام رہی ۔ سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن انگلینڈ نے 52 رنز تین کھلاڑی سے اپنی دوسری نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو اسے میچ میں فتح کیلئے مزید 332 رنز درکار تھے تاہم پہلی اننگ میں سات وکٹیں لینے والے کگیسو ربادا دوسری اننگ میں بھی انگلش بیٹسمینوں کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے ۔

سکور میں چھ رنز کے اضافے کے ساتھ ہی مورنے مورکل نے جیمز ٹیلر کو چلتا کیا جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود جوروٹ بھی اسی مجموعے پر پویلین لوٹے ۔

(جاری ہے)

58 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں انگلینڈ کی شکست واضح ہو چکی تھی ، بین سٹوکس اور کرس ووکس نے سکور 83 تک پہنچایا تھا کہ ربادا انگلش بلے بازوں پر برس پڑے ۔ مورنے مورکل نے بین سٹوکس کو آؤٹ کیا اور دوسرے اینڈ سے ربادا نے شاندار سپیل کراتے ہوئے آخری چاروں وکٹیں اپنے نام کر لیں ، یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ نے 280 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کر لی ۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کگیسو ربادا نے چھ اور مورنے مورکل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔یہ جنوبی افریقہ کی 9 ٹیسٹ میچوں کے بعد کسی ٹیسٹ میچ میں پہلی کامیابی ہے ۔ ربادا کو میچ میں 13 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔