پنجا ب ،گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی معطل

منگل 26 جنوری 2016 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ،گیس کی شدید قلت کیخلاف لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔سردی کی شدت میں اضافے کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گیس کی قلت نے بحرانی صورتحال اختیار کر رکھی ہے۔ کئی علاقوں میں گزشتہ ڈیڑھ ،دو ماہ سے گیس مسلسل بند ہے جبکہ جن علاقوں میں گیس آرہی ہے وہاں پریشر نہ ہونے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

گزشتہ روز مرغزار کالونی روڈ کے مکینوں نے فیروز پور روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جنہوں نے حکومت اور محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھاکہ گھروں میں گیس نام کی کوئی چیز آتی نہیں لیکن ہزاروں روپے کے بل بھجوائے جارہے ہیں۔ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو سوئی ناردرن گیس کے دفتر کا گھیرا ? کیا جائے گا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث بچے ناشتہ کیے بغیر ہی سکول جانے پر مجبور ہیں۔ پولیس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔ یتیم خانہ، سکیم موراورچونگی امر سدھو کے رہائشیوں نے بھی گیس کی قلت کے خلاف مظاہرے کئے۔ دوسری طرف طلب میں کمی کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہیں ہو سکی۔ گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں 6سے 8جبکہ دیہی علاقوں میں 11سے 13گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :