پیغام اسلام کانفرنس دہشتگردی‘ فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف عملی لائحہ عمل پیش کریگی، طاہر محمود اشرفی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 26 جنوری 2016 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 جنوری۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پیغام اسلام کانفرنس میں ملک بھر سے تین سو تیرہ قافلے اور پانچ ہزار سے زائد علماء ، مشائخ اور سکالرز شریک ہوں گے ۔ کانفرنس میں مفتی اعظم فلسطین بطور مہمان خصوصی تشریف لائیں گے ۔ کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔

کانفرنس دہشتگردی ، اتنہاء پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف عملی لائحہ عمل پیش کرے گی ۔ یہ بات انہوں نے ’’پیغام اسلام کانفرنس‘‘ کے سلسلہ میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات بتلاتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے اس کا واحد حل قرآن و سنت کی تعلیمات کو عوام الناس تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کرنا ہے اور مسلم نوجوانوں کو انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیموں سے بچانے کیلئے علماء اسلام کو میدان عمل میں نکلنا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل نے انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور وطن عزیز پاکستان کے اندر بین المذاہب مکالمہ ، بین المذاہب ہم آہنگی اور انتہاء پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مربوط اور مؤثر حکمت عملی طے کرنے کیلئے 10 فروری 2016ء کو اسلام آباد کنونشن سنٹر میں علماء اسلام کا عظیم الشان اجتماع منعقد کیا جا رہا ہے ۔

جس میں مسلم اور غیر مسلم قائدین ،مفتی اعظم فلسطین ، قطر ، سعودی عرب ، مصر اور دیگر اسلامی ممالک کے قائدین شریک ہوں گے۔ کانفرنس سے ملک بھر سے تین سو تیرہ قافلے شریک ہوں گے ۔ کانفرنس کی رابطہ کمیٹی کا سربراہ مولانا زاہد محمود قاسمی کو مقرر کیا گیا ہے ، انتظامی کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الحمید صابری ہوں گے۔جبکہ استقبالیہ کمیٹی کے سربراہ مولانا ایوب صفدر ہوں گے ۔

کمیٹیوں میں مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا حافظ محمد امجد ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا اسد زکریا ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ، مولانا طاہر عقیل ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا انوارالحق مجاہد ، مولانا امجد محمود ، مولانا عمر عثمانی ، مولانا شعیب الرحمن ، مولانا حفیظ الرحمن، مفتی عبد الوحید سواتی ، مولانا خلیل احمد سراج ، مولانا شفیع قاسمی،پروفیسر ڈاکٹر عبد الماجد المشرقی،پیر نعیم اﷲ فاروقی،قاری احمد علی ندیم،مولانا شہباز عالم فاروقی اور دیگر علماء شامل ہیں۔