سی ٹی او کی ہدایت پر ایس پی سٹی کی نگرانی میں تجاوزات، رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

ڈی ایس پیز اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کی کامیابی کیلئے اقدامات کریں،آصف صدیق

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 26 جنوری 2016 18:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 جنوری۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ کی ہدایت پر شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔سی ٹی او کی ہدایت پر ایس پی سٹی آصف صدیق کی نگرانی میں گزشتہ روز بھی سٹی ڈویژن کے علاقوں میکلوڈ روڈ،بوہڑ والا چوک،موٹر سائیکل مارکیٹ اور حاجی کیمپ میں تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہا،اس دوران ڈی ایس پی مغلپورہ،ڈی ایس پی اورنج لائن ٹرین اور دیگر موجود تھے۔

ایس پی سٹی اور افسران نے تاجروں سے بھی ملاقات کی اور از خود تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی رواں مہم کے دوران تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف ابتک4125افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام سیکٹر انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں سکواڈ بنا کر کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں گے۔

آصف صدیق نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کے تعمیراتی روٹ مارکیٹوں کے گردونواح میں رش کے اوقات میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رش کے اوقات میں خود سڑکوں پر موجود رہیں۔پٹرولنگ آفیسر زاور پوائنٹس ڈیوٹی کرنے والے اہلکار محنت اورذمہ داری سے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کا رلاتے ہوئے ڈیوٹی کریں۔انہوں نے سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکل افسران کی سپرویژن میں تجاوزات کے مرتکب افراد کو فوری نوٹس دیں۔انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں۔