عرفان صدیقی نے جنوبی پنجاب کے شاعروں، ادیبوں اور اہل دانش کیلئے ملتان میں اکادمی ادبیات کا علاقائی دفتر قائم کرنے کی منظوری دیدی

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اکادمی کے دفاتر قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے ٗوزیر اعظم کے معاون خصوصی کی ہدایت

منگل 26 جنوری 2016 19:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) جنوبی پنجاب کے شاعروں، ادیبوں اور اہل دانش کے لئے ملتان میں اکادمی ادبیات کا علاقائی دفتر قائم کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ عرفان صدیقی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اکادمی کے دفاتر قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے تاکہ وہاں کے تخلیق کاروں کو بھی اپنے فن کے اظہار کے مواقع مل سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت شاعروں، ادیبوں اور اہل علم و ادب کی سرپرستی میں انتہائی سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں کئی سکیمیں تیار کی جا رہی ہیں جن کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت جیسی بیماریوں کے شکار معاشروں میں شعر و ادب کا فروغ انتہائی مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ اجلاس میں پاکستان اکادمی ادبیات کے چیئرمین ڈاکٹر قاسم بگھیو، ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سید عمران گردیزی، اکادمی کے عہدیداروں اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔