معذور افرادکے روزگار اور بحالی ترمیمی بل 2014 ء کو منظور کرلیاگیا، چوبیس اداروں میں بائیومیٹرک سسٹم متعارف کروادیا ہے،طارق فضل چوہدری

منگل 26 جنوری 2016 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ میں متفقہ طور پر معذور افرادکے روزگار اور بحالی ترمیمی بل 2014 ء کو منظور کرلیا ہے۔ جبکہ کمیٹی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سوائن فلو کا ایک مریض پمز ہسپتال میں زیر علاج ہے‘ سالانہ ملک بھر میں پچاس سے ساٹھ ہزار کے قریب تھیلیسیمیا کے مریض سامنے آرہے ہیں اور آٹھ میں سے ایک خاتون کو بریسٹ کینسر ہے ملک بھر میں اس وقت نوے ہزار بریسٹ کینسز سامنے آئے ہیں جس میں چالیس ہزار خواتین ہلاک ہوچکی ہیں۔

وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ چوبیس اداروں میں بائیومیٹرک سسٹم متعارف کروادیا ہے جس سے ان اداروں میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ کی کمیٹی کا اجلاس منگل کو رکن کمیٹی اسد عمر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں اراکین کمیٹی کے علاوہ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری ‘ سیکرٹری کیڈ پمز اور پولی کلینک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی میں نگران چیئرمین اسد عمر نے کہا کہ پمز میں صفائی کا فقدان ہے ۔ سی ڈی اے نے سیاسی جماعتوں کے مرکزی سیکرٹریٹ کو کمرشل ادارہ قرار دیا ہے جس پر وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کے ہسپتالوں کی صفائی کا نظام بہتر کیا جارہا ہے۔ جبکہ سی ڈی اے نے سیاسی جماعتوں کے مرکزی سیکرٹریٹ کو کمرشل سرگرمیاں قرار نہیں دیا ہے۔ پمز پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر پمز ڈاکٹر الطاف نے کہا کہ ملک بھر میں پچاس سے ساٹھ ہزار تھیلیسیمیا کے مریض سامنے آرہے ہیں جبکہ پمز میں تھیلیسیمیا کے ستر فیصد مریض علاج سے ٹھیک ہوجاتے ہیں اور علاج و معالجہ بلا معاوضہ کیا جاتا ہے۔

روزانہ پمز میں تھیلیسیمیا کے پچاس مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ گجرات سے ایک سوائن فلو کا مریض پمز میں لایا گیا ہے۔ جس کا علاج معالجہ جاری ہے اور ان کی حالت بہتر ہورہی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں آٹھ میں سے ایک خاتون کو بریسٹ کینسر لاحق ہوجاتا ہے جس کیلئے حکومت نے 225 ملین روپے کا پراجیکٹ شروع کیا ہوا ہے کیونکہ اس مرض سے اب تک چالیس ہزار خواتین جاں بحق ہوچکی ہیں اور ملک بھر میں نوے ہزار خواتین بریسٹ کینسر میں مبتلا ہے۔

کمیٹی نے معذور افراد کے روزگار کے بحالی ترمیمی بل 2014 ء کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے بل میں سے ایک جملہ نکالنے کی استدعا کردی۔ جس کو نگران چیئرمین اسد عمر نے سب کی باہمی منظوری سے نکال کر بل کو منظور کرلیا۔ (عابد شاہ/زیاد)