صفائی کے ناقص انتظامات پر مقامی ریسٹورنٹ کو 25 ہزارجرمانہ

حفظان صحت کے منافی خوردنی اشیاءفروخت کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، بلال یاسین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 جنوری 2016 21:03

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جنوری۔2016ء)صوبائی وزیر خوراک بلا ل یاسین نے کہا ہے کہ حفظان صحت اور معیاری کھانوں کےلئے ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش ،سٹاف اور صفائی ستھرائی کے ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورفوڈ اتھارٹی کی جانب سے طے کردہ میکنزم پر عملد ر آمد کو یقینی بنایا جائے گا -یہ بات انہوں نے ککو ریسٹورنٹ فوڈ سٹریٹ شاہی قلعہ کے ریسٹورنٹ چیکنگ کے دوران کہی -ان کے ہمراہ فوڈ سیفٹی آفیسر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے-صوبائی وزیر نے ککو ریسٹورنٹ کو چیک کیا جہاں ناقص صفائی ستھرائی کے انتظام پائے گے اور ملازمین کے سرٹیفکیٹس کے عدم موجودگی کے علاوہ ان کے گندے ہاتھ اور ناخن بڑھے ہوئے پائے گئے جس پر فوڈ سیفٹی آفیسر نے25 ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ حویلی ریسٹورنٹ میں ناقص صفائی کے انتظامات پر وارننگ جاری کی گئی -اس موقع پر صوبائی وزیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق عوام کو بہتر کھانے کی اشیاءفراہم کرنے کے لئے فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جو میکنزم بنایا گیا ہے اس پر بھر پور طریقے سے عملدر آمد کرایا جائے اور اس ضمن میں کوئی اثر و رسوخ برداشت نہیں کیا جائے گا -انہو ںنے کہا کہ فوڈ اتھارٹی میکنز م تیار کرنے اور اس پر عملدر آمد کرانے کا مقصد عوام کو معیاری کھانے فراہم کرنا ہے جس سے نہ صرف ریسٹورنٹس کی صنعت کا معیار بلند ہو گا بلکہ عوام کو ذہنی آسودگی بھی حاصل ہو گی -انہو ںنے کہا کہ عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے مطابق کھانوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بہتر ماحول بھی دستیاب کرنا ہے -