پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے ”برانڈ پاکستان“ کا تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اقتصادی ماہرین

بدھ 27 جنوری 2016 11:55

اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جنوری۔2016ء) پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے ”برانڈ پاکستان“ کا تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کسی ایک کمپنی کی عالمی شناخت ملکی شناخت کے مقابلہ میں کم اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں اجتماعی طور پر متعارف کروانے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ کسی ایک برانڈ کی کامیابی سے صرف عالمی صارفمین کے ایک کمپنی پر اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ ملک کو بطور برانڈ متعارف کروا کر عالمی منڈیوں میں کہیں زیادہ جگہ حاصل کی جاسکتی ہے اور اس سے بین الاقوامی مارکیٹوں میں مختلف ممالک کو بھی متوجہ کرنے میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برانڈ پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرکے بین الاقوامی خریداروں کو نہ صرف ملکی مصنوعات کی خریداری پر راغب کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر راغب کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ کسی ایک مخصوص برانڈ کی ایک آئیٹم کی فروخت پر حاصل ہونے والی قیمت کے مقابلہ میں ملک کے برانڈ کو متعارف کروا کر چار تا پانچ گنا زائد قیمت حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیمت کے اس فرق سے عالمی خریداروں کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور عالمی منڈی میں ملکی تشخص کو بہتر طو رپر اجاگر کرکے اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔