بھارتی ایئرفورس نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے الزام پاکستان پر تھوپ دیا

مشکوک چیز مغربی سیکٹر( پاکستان) کی طرف سے اڑتی نظر آئی، جسے30 ایم کے آئی جنگی طیارے نے مار گرایا،ترجمان بھارتی ایئرفورس جے پور

بدھ 27 جنوری 2016 12:54

بھارتی ایئرفورس نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے الزام پاکستان پر تھوپ ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) بھارتی ایئرفورس نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے الزام پاکستان پر تھوپ دیا ،راجستھان میں مشکوک چیز تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستانی ایئر فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ایک لڑاکا طیارے نے ریاست راجستھان میں ایک غبارے جیسی مشکوک چیز کو بم مار کر گرایا ۔ ہندوستانی ایئرفورس حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک چیز مغربی سیکٹر( پاکستان) کی طرف سے اڑتی ہوئی نظر آئی جسے منگل کی صبح 30 ایم کے آئی جنگی طیارے نے مار گرایا۔

جے پور میں ہندوستان ایئرفورس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کو صبح ساڑھے 10 سے 11 بجے کے درمیان ایک نامعلوم غبارے جیسی چیز ایئرفورس کے ریڈار سسٹم پر نظر آئی، جس کے بعد ایئرفورس کے جنگی طیارے نے اس 'مشکوک چیز' کو مار گرایا، جبکہ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی علاقے میں املاک کو نقصان پہنچا۔

یہ واقعہ راجستھان کے دارالحکومت جے پور سے تقریباً 500 کلومیٹر دور بارمر کے علاقے میں پیش آیا جہاں کے رہائشیوں نے آسمان سے کچھ دھاتی ٹکڑوں کے گرنے کی اطلاع دی۔پولیس کے مطابق ایڈیشنل ایس پی جسارام بوس کی سربراہی میں دھاتی ٹکڑوں کی تلاش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ مذکورہ دھات کے ٹکڑے ہندوستان ایئرفورس کے حوالے کردیئے گئے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز ہندوستانی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایئرفورس کے ایک جنگی طیارے نے راجھستان میں پاکستان کی سرحد کے قریب واقع علاقے بارمر میں گڈگی کے مقام پر 5 بم گرائے، تاہم اس بمباری سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ بم حادثاتی طور پر اس علاقے میں گرے، جن کی آوازیں 10 کلومیٹر دور تک سنی گئیں۔خیال رہے کہ یہ واقعہ 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر پیش آیا تھا اور اس سلسلے میں ملک بھر میں انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :