فاسٹ باولر محمد آصف پر پہلے ہی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں جرمانہ

بدھ 27 جنوری 2016 13:33

فاسٹ باولر محمد آصف پر پہلے ہی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں جرمانہ

حیدرآباد (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار27جنوری- 2016ء) 5 سالہ پابندی کی سزا مکمل ہوئے زیادہ عرصہ ہوا نہیں کہ محمد آصف پر پہلے ہی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5سال تک کرکٹ سے باہر رہنے والے فاسٹ بولر محمد آصف کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ہوئی لیکن پہلے ہی ایونٹ میں انہیں امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنے کی وجہ سے میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے کے آر ایل کے بیٹسمین کےخلاف آصف نے اپیل کی جسے ایمپائر نے رد کر نے کے ساتھ ساتھ آصف کے جارحانہ رویہ کی شکایت ریفری سے کی جس نے لیول ٹو کے تحت کارروائی کرتے ہوئے آصف پر ساڑھے 3ہزار روپے جرمانہ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق فاسٹ باولر سہیل تنویر پر بھی امپائر کے فیصلے پر اعتراض کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ سلمان بٹ کا پابندی اٹھنے کے بعد پہلا ٹورنامنٹ ہے اور سلیکٹرز کی نظر ان کی کارکردگی پر ہے ، صرف اس ایک ٹورنامنٹ کی کارکردگی پر انہیں قومی ٹیم میں جگہ نہیں مل سکتی ۔