ٹیوٹا پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت سال2018 تک 5 لاکھ 41ہزار نوجوانوں کو قابل روزگار ٹریڈز میں ہنر مند بنائیگی‘ عرفان قیصر شیخ

بدھ 27 جنوری 2016 16:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا )پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت سال2018 تک 5 لاکھ 41ہزار نوجوانوں کو قابل روزگار ٹریڈز میں ہنر مند بنائے گی،ٹیوٹا نے گزشتہ سال صوبہ بھر کے دو لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ میں داخلے کا ہدف حاصل کر لیا ہے ، ٹیوٹا رواں سال کے دوران مزیدڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنائے گی، ان تمام تر اقدامات کا مقصد وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق بیروزگار نوجوانوں کو قابل روزگار ٹریدز میں ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں قابل روزگارشارٹ کورسز کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے حوالے سے افسران کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، مصطفی کمال پاشا ،سرفراز انوار اور دیگر افسران موجود تھے ۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی شاندار کامیابی کے بعد قابل روزگار شارٹ کورسز کے تیسرے مرحلے کا آغاز 8 فروری سے کیا جا رہا ہے جس میں صوبہ پنجاب کے20ہزار بیروزگار نوجوانوں کو مفت ٹریننگ دی جائے گی ۔

پہلے اور دوسرے مرحلے کے شارٹ کورسز میں 36ہزار نوجوانوں کو پہلے ہی ٹریننگ دی جا چکی ہے۔ تیسرے مرحلے میں مفت داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں نوجوان 46شارٹ کورسز میں تربیت حاصل کرینگے جس میں لڑکوں کیلئے 30، لڑکیوں کیلئے 6 جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے 10کورسز متعارف کروائے گئے ہیں۔ چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کے بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند بنانا اور انکو یقینی روزگار کی فراہمی ٹیوٹا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

زیر تربیت افراد کو سفری اخراجات پورا کرنے کیلئے دوران ٹریننگ ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اورتربیت کے متعلقہ میٹریل بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے۔زیر تربیت ہنرمندوں کی فنی بورڈ میں رجسٹریشن فیس کے اخراجات بھی ٹیوٹا خودبرداشت کرتی ہے۔ صوبہ پنجاب کے بیروزگاروں کو ہنر مند بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ ہنر مند بن کے روزگار آسانی سے حاصل کرنے کے بعد اپنے خاندان کی معاشی کفالت کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :