انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ ، کپل دیو ، کوچز نے کھلاڑیوں کو ’نیک تمناوٴں‘ کے پیغامات بھجوائے

بدھ 27 جنوری 2016 16:34

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ ، کپل دیو ، کوچز نے کھلاڑیوں کو ’نیک تمناوٴں‘ کے ..

نئی دہلی (ماُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) انڈیا کے معروف سابق آل راوٴنڈر کپل دیو اور مختلف ٹیموں کے کوچز نے بنگلہ دیش میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی اہمیت پر زور دیا ہے اور کھلاڑیوں کو ’نیک تمناوٴں‘ کے پیغامات بھجوائے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کپل دیو نے ہاشم آملہ، وراٹ کوہلی، سٹیون سمتھ، کین ولیئمسن اور جو روٹ جیسے کھلاڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ انڈر 19 کا ورلڈ کپ کھیل کر آگے آئے ہیں یہ سب کھلاڑی آج نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مثال ہیں۔

عظیم فاسٹ بالر اور پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے اپنے پیغام میں کہا کہ کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ سے لطف اٹھانا چاہیے اور اپنے ممالک کے لیے بطور سفیر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا انڈر 19 ورلڈ کپ نوجوانوں کے لیے دنیا کو اپنا ہنر دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کے لیے میری نیک تمنائیں ہیں اور میں ان کو، خاص طور پر پاکستانی ٹیم کو یہ مشورہ دوں گا کہ خوب محنت کریں ٹورنامنٹ جس طرح کے مواقعے آپ کو دیتا ہے اس سے خوب لطف اٹھائیں۔

یاد رکھیں کہ آپ اپنے ملک کے سفیر ہیں اس لیے ضروری ہے کہ آپ میدان میں اور میدان سے باہر اپنی کارکردگی پر فخر کر سکیں۔سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی چندیکا ہتھروسنگے بنگلہ دیش کی ٹیم کے کوچ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں آج بھی یاد ہے جب 1988 میں انڈر 19 کا پہلا ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا۔ 1988 کی یادیں آج بھی تازہ ہیں اس ورلڈ کپ سے کئی عظیم کھلاڑی نکل کر سامنے آئے تھے جن میں برائن لارا، انضمام الحق اور سنتھ جیسوریا جیسے کھلاڑی شامل تھے۔