ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

ہندوستان کشمیر میں قتل و غارت ، ظلم و تشد، ریاستی جبر اور کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے‘ حکومت پاکستان کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر اداروں پر دباؤڈالے‘جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 27 جنوری 2016 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مقبوضہ کشمیرمیں قتل و غارت ، ظلم و تشدد،ریاستی جبر اور کشمیریوں کی نسل کشی کے حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کروائی جانے والی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ــ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

آج 67سال گزر گئے ہیں مگر مسئلہ کشمیر جوں کا تو ں ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہہ رہا ہے اور کشمیر کے اندر قتل و غارت ، ظلم و تشدد اور ریاستی جبر کا نشانہ بناتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ حالانکہ اقوام متحدہ کی قرار داد گواہ ہے کہ کشمیریوں کو ان کاحق خود ارادیت دیا جائے مگر بھارت مسلسل مذاکرات کی میز کا ڈھونگ رچا کر کشمیری مسئلہ کو پس پشت ڈالتا چلا آرہا ہے۔ اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور دیگر اداروں پر زور دے کہ وہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور کشمیریوں کو ان کی آزادی کے لیے ان کا حق دلائیں‘‘۔