بھارت کی آبی جارحیت قابل مذمت ہے، عالمی برادری فوری نوٹس لے‘ حافظ عبدالغفار روپڑی

پاکستان سندھ طاس معاہدے کی یاد دہانی کے ساتھ کشمیر اور دیگر سنگین مسائل کے حوالے سے دو ٹوک موقف اپنائے‘ اظہار خیال

بدھ 27 جنوری 2016 17:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) بھارت کی آبی جارحیت قابل مذمت ہے، عالمی برادری فوری نوٹس لے۔ پاکستان کو بنجر بنانے اور خطے میں اجارہ داری قائم کرنے کے چکر میں بھارت اوچھے ہتھکنڈے اپنانے سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار جما عت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں تنظیمی ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے مگر بھارتی حکومت کا رویہ ہمیشہ منافقانہ رہا ہے۔ باؤنڈری وال پر اشتعال انگیزی، مسلم کش فسادات اور آبی جارحیت سمیت تمام اوچھے ہتھکنڈے اپنا کر بھارت نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ کشمیر اور دیگر سنگین مسائل کے حوالے سے دو ٹوک موقف اپنائیں اور بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کو ترجیح دیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارتی جنگی جنون خطے میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے یکسر خلاف ہے۔ عالمی برادری بھارتی غنڈہ گردی اور آبی جارحیت کا فوری نوٹس لے کیونکہ برصغیر کے خراب حالات پوری دنیا پر اثر انداز ہونگے۔

متعلقہ عنوان :