وزیر ہاؤسنگ پنجاب ملک تنویر اسلم کی انقرہ میں ترکی کی وزیر ماحولیات و اربنائزیشن فاطمہ گلدیمت سے ملاقات

ترک کمپنی 2017تک 50ہزار کم لاگت ہاؤسنگ یونٹ بنانے میں حکومت پنجاب کو ٹیکنیکل معاونت و مشاورت مہیا کریگی‘تنویر اسلم اعوان

بدھ 27 جنوری 2016 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے انقرہ میں اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ترکی کی وزیر ما حو لیا ت و اربنائزیشن محترمہ فاطمہ گلدیمت سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف منصوبے پرتبادلہ خیال ہوا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترکی کی کمپنی ٹوکی اور حکومت پنجاب کے مابین حالیہ معاہدہ کی دونوں ممالک کے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ2016 میں 25ہزار جبکہ 2017تک مزید 25ہزار کم لاگت ہاؤسنگ یونٹ بنانے میں ٹوکی حکومت پنجاب کو ٹیکنیکل معاونت و مشاورت مہیا کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ماہ ستمبر میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر قیادت وفد نے ترکی کے صدر طیب اردگان اور وزاعظم احمد داؤد گلو سے ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکی کے مابین تجارت ، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاتھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب توانائی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ، ایگروبیس انڈسٹری اور میونسپل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد حکومت پنجاب کی طرف سے کم لاگت گھروں کی تعمیر کی فراہمی کے حوالے سے ترکی کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔ اس موقع پر ترکی کی وزیر محترمہ فاطمہ گلدیمت نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کی وسعت اور گہرائی سے انکارممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ ، اربن پلاننگ اور اس سے متعلقہ سیکٹرز میں ترکی اپنے برادر ملک کو اپنے تجربات ضرور منتقل کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترکی کے لیے امر خوشی کا باعث ہے کہ وہ پاکستانی ماحول اور اس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں مکمل معلومات اور تجربات اپنے دوست ملک کو منتقل کررہاہے۔ واضح رہے کہ صوبائی وزیرملک تنویر اسلم اعوان پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج کل ترکی کے دورے پر ہیں جہاں وہ ترکی کی تعمیراتی کمپنی ٹوکی و دیگر کمپنیوں سے معاہدوں پر پیش فت کے حوالے سے میٹنگز کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :