خورشید شاہ نے کشمیریوں کے تحفظات کے ازالے کیلئے قائم ذیلی کمیٹی کے اجلاسوں کے منٹس فراہم نہ کرنے کے معاملہ کا نوٹس لے لیا

قومی ائیرلائن کی نجکاری میں حکومت کی بدنیتی سامنے آ رہی رہے ٗخورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جنوری 2016 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کشمیریوں کے تحفظات کے ازالے کے لئے قائم ذیلی کمیٹی کے اجلاسوں کے منٹس فراہم نہ کرنے کے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری کشمیر افیئرز کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کے نمائندوں کو ذیلی کمیٹی کے منٹس تیار کر کے فوری فراہم کئے جائیں جس کے بعد وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور خود ان پر مشتمل کمیٹی ان کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آزاد کشمیر حکومت کے وفد نے چوہدری لطیف اکبر کی زیر قیادت قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے ملاقات کی۔ وفد میں چوہدری لطیف اکبر کے علاوہ آزاد کشمیر کے امور صحت کے وزیر اور چار سیکرٹری موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائد حزب اختلاف کو بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں سیکرٹری کشمیر افیئرز، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری منصوبہ بندی کمیشن پر مشتمل زیلی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس کے ساتھ ان کے دو اجلاس ہوئے ہیں تاہم ابھی تک انہیں ذیلی کمیٹی کے منٹس فراہم نہیں کئے گئے جس پر سیکرٹری کشمیر افیئرز کو سید خورشید احمد شاہ نے ہدایت کی کہ ذیلی کمیٹی کے اجلاسوں کے منٹس جاری کئے جائیں جن کا فل کمٹی کے اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔

اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری میں حکومت کی بدنیتی سامنے آ رہی رہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے پی آئی اے کے 34 فیصد اخراجات کم ہوئے لیکن اب اس کی نجکاری کی جا رہی ہے جو سراسر قومی اداروں کے ساتھ ظلم ہے۔ ٗ 2013ء میں پی آئی اے کے 16500 ملازم تھے اور پیپلز پارٹی کے دور میں صرف 1435 نوکریاں دی گئیں جبکہ موجودہ حکومت لاکھوں روپے فی کس لے کر لوگوں کو بھرتی کر رہی ہے۔