سپین اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں ٗ سپین

پاکستانی تاجر برادری سپین کے ساتھ تجارت کو مزید بہتر کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے ٗ سفیر کارلوس موریلیز کا خطاب

بدھ 27 جنوری 2016 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) پاکستان میں تعینات سپین کے سفیر کارلوس موریلز نے کہا ہے کہ سپین اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں ،پاکستانی تاجر برادری سپین کے ساتھ تجارت کو مزید بہتر کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس کی معیشت کی طرف راغب کر سکتی ہیں کیونکہ پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے جس کے پاس وافر مقدار میں قدرتی وسائل پائے جاتے ہیں اور جو صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے تاہم بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے میں پایا جانے وال تاثر اس کی معیشت کی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہے سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کو اپنا امیج بہتر کرنے پر ترجیحی توجہ دینا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری بیرونی ممالک میں جا کر وہاں اپنی مصنوعات کی اصل صلاحیت کو اجاگر کر کے اپنے ملک کے بارے میں پایا جانے والا غلط تاثردور کرنے اور اس کا امیج بہتر کرنے میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے جس سے نہ صرف سپین بلکہ دیگر ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں مزید دلچسپی لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 46 ارب ڈالر مالیت کا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ بہت مثبت پیش رفت ہے کیونکہ اس منصوبے نے بہت سے ممالک کے سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپین اور پاکستان کی باہمی تجارت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور خاص طور پر یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت ملنے کے بعد اس میں کافی بہتری آئی ہے کیونکہ 2014ء کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں 34 فیصد اور 2015ء میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے جو حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ سال کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت 1ارب ڈالرکا ہدف حاصل کر لے گی۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان 1951ء سے اچھے دوستانہ تعلقات قائم ہیں تاہم باہمی تجارت کو صلاحیت کے مطابق فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی طرف سے مزید کوششوں کی ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا بکثرت تبادلہ بڑھا کر اور ایک دوسرے کے ملک میں نمائشوں کا انعقاد کر کے باہمی تجارت کو بہتر طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے اور پاکستان و سپین کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے سپین کے سفارت خانے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتا رہے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :