علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں تنظیمی وفد کی مشاہد حسین سید سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات

بدھ 27 جنوری 2016 18:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں تنظیمی وفد نے سٹینڈنگ کمیٹی برائے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے چیئرمین مشاہد حسین سید سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل سے جاری بیان کیمطابق اس موقعہ پر مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین بھی موجود تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین کمیٹی نے منصوبے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اقتصادی راہدری میں گلگت بلتستان کی شمولیت ایک مصدقہ حقیقت ہے۔ اس خطے کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ میری دلی خواہش تھی کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے اراکین اسمبلی مجھے جی بی میں مدعو کریں تاکہ اس منصوبے کے تمام نکات سے انہیں پوری طرح آگاہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی گلگت بلتستان کے عوام کے لیے مخلصانہ تگ و دو کو ہم تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔جی بی کے حقوق کے لیے ہماری طرف سے انہیں بھرپور تائید حاصل رہے گی۔انہوں نے گلگت بلتستان کے ممبران اسمبلی کو اس سلسلے میں اہم تجاویز بھی دیں۔وفد میں یم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا سید علی رضوی،ممبر جی بی اسمبلی کاچو امتیازحیدر خان، ڈاکٹر حاجی رضوان،سیکرٹری سیاسیات جی بی غلام عباس، محمد علی اور معاون مرکزی سیکرٹری سیاسیات آصف رضا بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :