ڈاکٹر مجاہد کامران کی حمایت میں پنجاب یونیورسٹی کے ہزاروں اساتذہ اور ملازمین کا مظاہرہ

مجاہد کامران کو وائس چانسلر تعینات کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، آسا و ملازمین کی گفتگو

بدھ 27 جنوری 2016 20:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کی کال پر نیو کیمپس میں ہزاروں اساتذہ اور ملازمین نے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی علم دوست پالیسیوں کی حمایت اور ان کو وائس چانسلر تعینات کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرنے کے لئے بڑی ریلی نکالی۔ ریلی میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ویلکم مجاہد کامران ‘‘ اور ’’شکریہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف ‘‘ کے نعرے درج تھے۔

ریلی ان چند اساتذہ کے جواب میں نکالی گئی جنھوں نے اسمبلی ہال کے سامنے نام نہاد احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔ ریلی کی قیادت آسا کے صدر ڈاکٹر حسن مبین عالم ، نائب صدر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری اور سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین نے کی۔

(جاری ہے)

ریلی انڈر گرایجوایٹ بلاک سے شروع ہوئی اور فیصل آڈیٹوریم کے سامنے ختم ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آسا کے صدر ڈاکٹر حسن مبین عالم نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجاہد کامران نے جامعہ کی تعلیم و تحقیق کا گراف بلند کیا اور یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی کے اس عمل کے تسلسل کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ان کی قائمقام تعیناتی انتہائی خوش آئند ہے اور تمام اساتذہ اور ملازمین ان کی مستقل تعیناتی کے لئے دعا گو ہیں۔ آسا کے سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجاہد کامران نے یونیورسٹی کو ایک طلباء تنظیم کی غنڈہ گردی سے پاک کیا ہے اور یونیورسٹی کو معاشی طور پر مضبوط کیا ہے۔

اور تحْیق کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جسکی وجہ سے ریسرچ پبلیکیشنز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی کا مقصدر ان چند اساتذہ اور برطرف ملازمین کو جواب دینا تھا جنھوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے ایک نام نہاد کیمپ لگا رکھا ہے اور وہاں چند ایسے اساتذہ جاتے ہیں جن کے خلاف یونیورسٹی مں انکوائری ہو رہی تھی۔ اس موقع پر خواتین اساتذہ کی نمائندہ ڈاکٹر نعمانہ امجد اور سونیا عمر نے کہا کہ ڈاکٹر مجاہد کامران کے دور میں یونیورسٹی میں فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین اساتذہ اور ملازمین کی نمائندگی کو بڑھایا گیا ہے اس موقع پر ملازمین کے نمائندوں نے کہا کہ ڈاکٹر مجاہد کامران نے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین اقدامات کئے ہیں اور 12سو سے زائد کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ ڈاکٹر مجاہد کامران کو میرٹ پر اگلے چار سال کے لئے تعینات کیا جائے تاکہ انکی تعلیمی پالیسی کا تسلسل برقرار رہے۔