آرمی چیف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینا ملک کے لئے عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے،جاری آپریشنز ان کی نگرانی میں مکمل ہونے چاہئیں،دونوں بڑی سیاسی جماعتیں بظاہر ڈارمہ بازی کررہی ہیں، ان کے مفادات مشترکہ ہیں،پرویز مشرف کی قیادت میں تبدلی لائیں گے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی پارٹی رہنماؤں کے وفود سے گفتگو

بدھ 27 جنوری 2016 20:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینا ان کے لئے مفید مگر ملک کے لئے عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے،ملک میں جاری آپریشنز انہی کی نگرانی میں مکمل ہونے چاہئیں،دونوں بڑی سیاسی جماعتیں بظاہر ڈارمہ بازی کررہی ہیں جبکہ ان کے مفادات مشترکہ ہیں۔

جنرل(ر)پرویز مشرف کی قیادت میں تبدلی لائیں گے۔ وہ بدھ کو پارٹی کے مرکزی دفتر میں خیبرپختونخواہ اور فیڈرل کیپیٹل کے پارٹی راہنماؤں کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک پیشہ ور جرنیل ہیں جو قابل قدرپس منظر کے مالک ہیں۔قوم ان کی خدمات کی وجہ سے ان پر بھرپور اعتماد کیا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وہ اپنی شخصیت کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے مگر درحقیقت قوم کو ابھی ان کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج سب سے زیادہ منظم ادارہ ہے اور ہمیں اپنی فوج پر مکمل اعتماد ہے تاہم آپریشن ضرب عضب سمیت ملک میں دیگر آپریشن جنرل راحیل شریف ہی کے زیرنگرانی پایہ تکمیل تک پہنچنا ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی جیسی جماعتوں نے اپنے مفادات کو ملکی مفاد پر ترجیح دی اور ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔وہ اپنے مشترکہ مفادات پر ملکی مفادات قربان کررہی ہیں جو ملک کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔وہ بظاہر ایک دوسرے کے خلاف واویلا کرتی ہیں مگر اندر سے ایک ہیں۔ان سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت ملک کو تبدیلی کی ضرورت ہے ۔آل پاکستان مسلم لیگ جنرل (ر)پرویز مشرف کی قیادت میں ملک میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔