وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی ڈائریکٹر قومی سلامتی کی ملاقات‘ انسداد دہشتگردی ،پولیس اصلاحات کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پنجاب حکومت کے تعلیم، صحت اور امن عامہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اقدامات ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں لائق تحسین ہیں‘ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں‘ برطانوی ڈائریکٹر

بدھ 27 جنوری 2016 20:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے قومی سلامتی، خارجہ اور دولت مشترکہ آفس کے ڈائریکٹر جوناتھن ایلن نے ملاقات کی جس میں برطانیہ اور پاکستان کے مابین انسداد دہشت گردی، پولیس نظام میں اصلاحات اور پولیس کی تربیت کے حوالے سے تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانیہ کے قومی سلامتی کے ڈائریکٹر جوناتھن ایلن نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس ضمن میں موثر اقدامات کیے ہیں اوردرست سمت کی جانب بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت جس طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم، صحت اور امن عامہ کی بہتری کیلئے استعمال کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات مثالی نوعیت کے ہیں اور پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں خصوصاً تعلیم، صحت اور امن عامہ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جو اقدامات اٹھائے ہیں، وہ ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں غیرمعمولی اور قابل تحسین ہیں۔برطانوی ڈائریکٹر قومی سلامتی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کرپشن میں کمی اور حکومت کی شفاف پالیسیوں کی تعریف پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان میں کرپشن کی روک تھام میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے جس پر پاکستانی لیڈرشپ مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے درست سمت میں جا رہا ہے اور پاکستان کی لیڈرشپ نے انسداددہشت گردی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے قابل ستائش اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سیف سٹیز پراجیکٹ میں برطانیہ کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد ہو رہا ہے اوراس ضمن میں نہ صرف قوانین میں ضروری ترامیم کر کے سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے بلکہ انسداددہشت گردی کی خصوصی فورس بھی قائم کی گئی ہے اوراس فورس نے مختصر عرصے میں مثالی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ انسداددہشت گردی کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مزید تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا اور اس کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی کوئی جگہ نہیں۔ پرامن اور تحمل و برداشت پر مبنی پاکستانی معاشرے کی تشکیل قائداعظم محمد علی جناحؒ کا وژن ہے اور پاکستان میں پرامن اور تحمل و برداشت پر مبنی معاشرہ ہی پروان چڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی شفافیت کا اعتراف ٹرانسیپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں کیاگیا ہے جس میں پاکستان کرپشن کے عالمی انڈکس میں تاریخ کی سب سے بہترین پوزیشن پر آگیاہے جو کہ موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کی تصدیق ہے ۔برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرک موڈی ، ڈیفڈ کے نمائندے بین فرنچ ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پراسیکیوشن، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔