ذہین و مستحق طلبا و طالبات کیلئے ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ

شہباز شریف کی ماہرین تعلیم پر مشتمل کمیٹی کو سکالرشپ کی فراہمی کا طریقہ کار اور دیگر امور جلد طے کرنے کی ہدایت

بدھ 27 جنوری 2016 21:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں ذہین و مستحق طلبا و طالبات کیلئے ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ ہونہار اور مستحق طلبا و طالبات کو دنیا کی بہترین50 یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے سکالرشپ دیئے جائینگے، پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں بھی طلبا و طالبات کو ماسٹرز کی تعلیم کیلئے سکالرشپ دیں گے،پاکستان کا مستقبل تعلیم سے جڑا ہوا ہے،تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ماہرین تعلیم پر مشتمل کمیٹی کو سکالرشپ کی فراہمی کا طریقہ کار اور دیگر امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

بد ھ کویہاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غیرملکی اور ملکی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے ذہین و مستحق طلباء و طالبات کیلئے ’’چیف منسٹرز ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہونہار اور مستحق طلبا و طالبات کو دنیا کی پہلی 50 یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے سکالرشپ دیئے جائیں گے اوران غیرملکی یونیورسٹیوں میں داخلے کے اہل ، مستحق اور ذہین طلبا و طالبات کو میرٹ پر پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے سکالرشپ ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں بھی طلبا و طالبات کو ماسٹرز کی تعلیم کیلئے سکالرشپ دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ماہرین تعلیم پر مشتمل کمیٹی کو سکالرشپ کی فراہمی کا طریقہ کار اور دیگر امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم سے جڑا ہوا ہے۔ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ کیلئے مضامین اور دیگر طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، چیئرمین پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :