چوہدری شجاعت حسین کی 70ویں سالگرہ سادگی کے ساتھ منائی گئی

چارسدہ سانحہ کے احترام میں نہ کیک کٹا اور نہ ہی کوئی تقریب منعقد کی گئی

بدھ 27 جنوری 2016 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین 70برس کے ہو گئے ۔ سالگرہ انتہائی سادگی سے منائی گئی ۔ چوہدری شجاعت حسین نے شہدائے باچا خان یونیورسٹی کی یاد میں نہ کیک کاٹااور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی تقریب منعقد ہوئی ۔ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک نے سالگرہ پر پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو پھولوں کا گلدستی پیش کیا۔

پارٹی کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید، لائرز ونگ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرازق خان اور دوسرے راہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔پارٹی رہنماؤں نے ملکی ترقی ، قومی وحدت اور فکری راہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر چوہدری شجاعت حسین کی خدمات کو سراہا اور انکی درازی عمر اور صحت کے لئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک عظیم لیڈر اور مدبر سیاستدان ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملکی اور قومی مفاد کو پروان چڑھایا،انہوں نے نظریہ پاکستان اور اسلامی قوانین کے تحفظ کے لئے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے مسائل پر بھی بھرپور آواز اٹھائی ۔

مصطفی ملک کا کہنا تھا کہ بہت سے قومی ایشوز پر چوہدری شجاعت حسین نے اپنی ذات ، پارٹی کی پروا کئے بغیر اسلام ، پاکستان اور قومی نظریے کو فوقیت دی ۔ مصطفی ملک نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی رہنماؤں کو سالگرہ کی تقریبات منانے سے منع کیا ہے اور کہا ہے اس موقع پر وہ اسراف کی بجائے غریبوں کی عملی مدد کریں ،انہوں نے کہا کہ جب قوم سانحہ چارسدہ جیسے غمگین لمحات گزار رہی ہو تو پھر سالگرہ کی تقریبات نہیں ملک کی حفاظت اور سلامتی کے لئے دعائیں کرنی چاہئیں ۔

متعلقہ عنوان :