وزیر داخلہ چوہدری نثار (کل ) آئی وی آر ہیلپ لائن سروس ، برانچ لیس بینکنگ اور موبائل پاسپورٹ فیس وصولی سروس کا افتتاح کرینگے

آئی وی آر سہولت کے آغاز سے درخواست گزار کسی بھی موبائل سے 9988 ڈائل کرکے اپنے پاسپورٹ کی درخواست پر پیش رفت ،فیسوں، پاسپورٹ دفاتر کے محل وقوع ، نیشنل بنک کی برانچوں کے بارے میں معلومات ، سوالو کے جوابات حاصل کر سکیں گے

بدھ 27 جنوری 2016 22:51

وزیر داخلہ چوہدری نثار (کل ) آئی وی آر ہیلپ لائن سروس ، برانچ لیس بینکنگ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان (کل ) جمعرات کو پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے شروع کی جانے والی انٹر ایکٹیو وائس ریسپانس (آئی وی آر) بیسڈ ہیلپ لائن سروس اور نیشنل بنک کی برانچ لیس بینکنگ اور موبائل پے منٹ کے ذریعے پاسپورٹ فیس کی وصولی سروس کا افتتاح کریں گے جس کے بعد سروس کا باقاعدہ آغاز ہوجائیگا،اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد دوپہر 12 بجے نادرا ہیڈ کوارٹرز میں کیا جائے گا۔

انٹر ایکٹیو وائس ریسپانس (آئی وی آر) بیسڈ ہیلپ لائن کی سہولت کے آغاز سے درخواست گزار کسی بھی موبائل سے 9988 ڈائل کرکے اپنے پاسپورٹ کی درخواست پر پیش رفت، پاسپورٹ کے حصول کے لئے ضروریات، مختلف اقسام کے پاسپورٹ کے لئے فیسز، ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے محل وقوع ، نیشنل بنک کی برانچوں کے بارے میں معلومات اور دیگر عام طور پر پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر یہ معلومات پانچ زبانوں ، اردو،انگریزی، پشتو، سندھی اور سرائیکی میں مہیا کی جائیں گی جن میں بعد میں اضافہ کیا جائے گا۔موبائل/برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے پاسپورٹ فیس وصولی کی سہولت نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس سہولت کے تحت درخواست گزاروں کو یہ سہولت حاصل ہو جائے گی کہ وہ پاسپورٹ کی فیس موبی کیش، یو پیسہ وغیرہ کے ذریعے ایک لاکھ سے زیادہ مراکز پر جمع کرا سکیں گے۔

اس سہولت سے درخواست گزاروں کو نیشنل بنک کی مخصوص برانچوں پر ہی فیس جمع کرانے کی شرط سے چھٹکارہ مل جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت راولپنڈی اور اسلام آباد میں 4200موبی کیش مراکز پر شروع کی جا رہی ہے جسے مارچ 2016تک ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا اور یو-پیسہ اور موبائل پیسہ کے ذریعے بھی فیس کی ادائیگی کی سہولت مہیا کی جائے گی۔