ٹریڈ یونین کاکام صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی جائے ،حامد ریاض

بدھ 27 جنوری 2016 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) پنجاب یونین آف جرنلسٹس دستورکی جانب سے لاہور پریس کلب کی نومنتخب گورننگ باڈی کے اعزازمیں دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی یوجے دستورکے صدر حامد ریاض ڈوگرنے کہاہے کہ ٹریڈ یونین کاکام صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے آواز بلند کی جائے اور مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں جس میں کلب بہترین معاون ثابت ہوسکتاہے ،کلب کے ماحول کو بہتر کرنے کے لئے ضروری ہے کہ یہاں پروفیشنل صحافیوں کی ہی ممبرشپ کی جائے اور نان پروفیشنل صحافیوں کو کسی صورت برداشت نہ کیاجائے۔

تقریب میں لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہبازمیاں،نائب صدرعبدالمجید ساجد، سیکرٹری شاداب ریاض، خزانچی ظہیر احمد بابر، اراکین گورننگ باڈی اظہرمقبول، اسماعیل جکھڑ،فرقان الہی، شیر افضل بٹ، پی یوجے صدر حامد ریاض ڈوگر،سینئر نائب صدر اصغرچوہدری، نائب صدرافضال ہاشمی ،سیکرٹری رحمن بھٹہ، خزانچی احسان بھٹی ،سینئرصحافی عابد تہامی، تاثیر مصطفی، اقبال قریشی، معین اظہر،میاں عابد اور فرخ عطاء بٹ سمیت ممبران کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کلب کے صدر محمد شہبازمیاں نے کہا کہ ٹریڈ یونین مضبوط ہوگی تو ورکرزکو ریلیف ملے گا، کلب میں کسی ٹریڈ یونین کا بینرزآویزاں نہیں کیا جائے گا،ٹریڈ یونین اپناکام کرے کلب کو اپنا کام کرنے دیں لیکن کلب اور یونین کے درمیان تعاون برقرار رہے گا، سینئرزپرمشتمل مصالحتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پی یوجے کے دھڑوں کے درمیان مصالحت کرارہے ہیں تاکہ ایک پلیٹ فارم پر سب کو اکھٹاکرکے آپسی اتحاد کو مضبوط کیا جائے۔

صدر محمد شہبازمیاں نے مزیدکہاکہ نومنتخب باڈی نے ممبران کی سکروٹنی کرانے کا عزم کیاہے اور سکروٹنی کے عمل میں جوممبران نان جرنلسٹ ثابت ہوں گے ان کی ممبرشپ کینسل کردی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ کلب صحافیوں کا ہے اور تمام سروسز بھی صحافی ممبران کو ہی مہیا کی جائیں گی کسی غیرصحافی کو قطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔

انھوں نے مزیدکہا کہ ممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچانے کے لئے صحت اور تعلیم پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے تحت مختلف تعلیمی اداروں سے معاہدے کئے جارہے ہیں اور پرائیویٹ سکولوں میں ممبران کے بچوں کو داخلے دلائیں جائیں گے جس کا مقصد ان کے مالی معاملات میں معانت کرناہے،آنکھوں کے امراض کے علاج اور آپریشن کے لئے ایک معروف ہسپتال سے معاہدہ آخری مراحل میں ہے جبکہ خواتین ممبران کو صحت کی خصوصی سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔

ان کا کہناتھاکہ ہرسال ممبران کو قرعہ اندازی کے ذریعے حج اور عمرہ کی سعادت کے علاوہ مستحق ممبران کی دوبیٹیوں کی شادی اوردس ممبران کو موٹرسائیکلیں دی جائیں گی، ممبران اور کلب کے معاملات کو بہتر اندازمیں چلانے کے لئے تمام ممبران کی مشاورت بے حد ضروری ہے جس کے لئے آپ ہمیں تجاویز دیں اور ہم سینئرزکی مشاورت سے سب کے مفادات میں بہترفیصلے کریں گے۔

تقریب سے سینئرصحافی عابدتہامی،تاثیرمصطفی، معین اظہر،میاں عابد،حامد ریاض ڈوگر اور رحمن بھٹہ سمیت دیگرنے خطاب کیااور ممبران وکلب کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ پریس کلب کے سیکرٹری شادا ب ریاض نے اس موقع پر کہاکہ ہم تمام ممبران سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سکروٹنی کے عمل کو صاف شفاف بنانے میں ان کا ساتھ دیں اور ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو صحافی نہیں ہیں اور نشاندہی کرنے والے تمام ممبران کا نام صیغہ رازمیں رکھاجائے گا۔انھوں نے شانداراور پروقارتقریب کے انعقاد پر گورننگ باڈی کی جانب سے پی یوجے دستورکے عہدیداران کا شکریہ بھی اداکیا

متعلقہ عنوان :