لندن سےنیویارک۔ صرف 11 منٹ میں

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 28 جنوری 2016 00:02

لندن سےنیویارک۔ صرف 11 منٹ میں

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27جنوری۔2016ء)تصور کریں کہ لندن سے نیویارک جانے میں صرف اتنا وقت لگے جتنا چائے کا ایک کپ پینے میں لگتا ہے۔یہی تصور اینٹی پوڈ جہاز کے پیچھے ہے، جو ابھی صرف ایک تصوراتی خیال ہے۔یہ جہاز راکٹ بوسٹر کو استعمال کرتےہوئے مسافروں کو 11 منٹ میں بحر اوقیانوس کے پار پہنچا دےگا ۔یہ جہاز ماک 24 کی رفتار سے سفر کرےگا یعنی کانکرڈ کی رفتار سے 12 گنا زیادہ تیز اور ظاہر سی بات ہے، اس رفتار پر سفر کرنے کا خرچ بھی اسی حساب سے زیادہ ہوگا ۔

زیادہ خرچ کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اس جہاز میں صرف 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ بنیادی طور پریہ آئیڈیا چارلس بومبارڈیر کا ہے، جس کے خیال میں جہاز کی رفتار 12430 میل فی گھنٹہ بڑھائی جا سکتی ہے ، جو اس کے پچھلے آئیڈیا یعنی سکریمر(Skreemr) سےدوگنا ہے۔

(جاری ہے)

چارلس نے فوربز کو بتایا کہ میں ایک جہاز بنانا چاہتا ہوں جو جتنی جلد ممکن ہو سمت القدم(کُرہ ارض کے وہ مُقامات جو ایک دُوسرے کے بِالمُقابِل ہوں)تک پہنچ جائیں۔جیٹ کو مائع آکسیجن یا کیروسین راکٹ سے چلا کر آواز کی رفتار سے 10 گنا رفتار حاصل کی جائےگی۔ چارلس کو اس طرح کے جہاز کی تیاری میں جن بڑے مسائل کا سامنا ہے، ان میں شور کے علاوہ تیز رفتاری کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گرمی کا جہاز پر اثرشامل ہے۔