رواں مالی سال کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کے اجراء کی شرح میں 79 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

جمعرات 28 جنوری 2016 12:48

اسلام آباد ۔28 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جنوری۔2016ء)رواں مالی سال 2015-16کے دوران نجی شعبہ کو جاری کئے جانے والے قرضوں کی شرح میں 79فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں یکم جولائی 2015ء تا 15جنوری 2016ء کے دوران نجی شعبہ کو 288.26 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران نجی شعبہ کو 161.2ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 8جنوری 2016ء کو ختم ہونے والے ہفتہ تک نجی شعبہ کو 246.61ارب روپے کے قرضہ جات کا اجرا کیا گیا تھا جو گذشتہ سال کے مقابلہ میں 17فیصد زائد تھا جبکہ صرف ایک ہفتہ کے دوران نجی شعبہ کو مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے 96ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں۔