لاہور،ناقص سکیورٹی انتظامات ،3 جامعات بند،امتحانات منسوخ

50 سکولوں کو سیل ،سکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے پر 3 ہیڈماسٹرز معطل

جمعرات 28 جنوری 2016 13:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جنوری۔2016ء) ناقص سکیورٹی انتظامات کے باعث 3 یونیورسٹیوں کو 31 جنوری تک بند جبکہ امتحانات کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں ناقص سکیورٹی صورت حال کے باعث 3 جامعات کو 31 جنوری تک بند کر دیا گیا جبکہ 50 سکولوں کو سیل کر دیا گیا ہے، ناقص سکیورٹی کے باعث بند ہونے والی جامعات میں بہاوٴالدین ذکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس، یونیورسٹی آف انجیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) اور لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹلز کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے جبکہ ناقص سکیورٹی انتظامات پر یونیورسٹی آف سرگودھا بھکر کیمپس کو ضلعی انتظامیہ نے سیل کر دیا،اس کے علاوہ سکیورٹی انتظامات نہ کرنے پر لاہور میں 50 سکول سیل جبکہ ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور جہلم میں بھی متعدد اسکول اور کالجز بند کر دیئے گئے ہیں۔ گجرانوالہ میں متعدد نوٹسز کے باوجود سکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے پر 3 سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو معطل کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں آرمی کے تحت چلنے والے اے پی ایس اور تمام گریژن سکولز کو سکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیا گیا تھا جنھیں یکم فروری سے دوبارہ کھولا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :