پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی راجستھان میں بمباری کے حوالے سے اپنے ہائی کمیشن سے تفصیلات طلب کرلیں

بھارت دہشتگردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے ٗ سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کیلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں ٗ مذاکرات کا شیڈول جلد طے کرلیا جائیگا ٗ امید ہے بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے آگاہ کریگا ٗافغانستان میں مصالحتی عمل کی بحالی کی غرض سے چار فریقی مذاکرات چھ فروری کو اسلام آباد میں ہوں گے ٗترجمان قاضی خلیل اﷲ کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 28 جنوری 2016 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی راجستھان میں بمباری کے حوالے سے اپنے ہائی کمیشن سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت دہشتگردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے ٗ سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کیلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں ٗ مذاکرات کا شیڈول جلد طے کرلیا جائیگا ٗ امید ہے بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے آگاہ کریگا ٗافغانستان میں مصالحتی عمل کی بحالی کی غرض سے چار فریقی مذاکرات چھ فروری کو اسلام آباد میں ہوں گے۔

جمعرات کو دفترخارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران قاضی خلیل اﷲ نے بھارتی فضائیہ کی راجستھان میں بمباری کے حوالے سے اپنے ہائی کمیشن سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ٗدہشتگردی صرف بھارت نہیں پاکستان کا بھی مسئلہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور عالمی برادری اس کی معترف بھی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت پاکستان پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگانے سے باز رہے کیونکہ اس طرح کے الزامات خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی باہمی کوششوں کو سبوتاژکرتی ہیں۔پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی تاریخ کیلئے دونوں ممالک رابطے میں ہیں اور مذاکرات کا شیڈول جلد طے کرلیا جائے گا، ہم امید کرتے ہیں بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کی تحقیقات سے آگاہ کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اورایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردارکو سراہا گیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم جلد قطرکادورہ بھی کریں گے۔ ترجمان نے دہشت گردی کے حوالے سے بھارت ۔ فرانس مشترکہ اعلامیہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کا امریکہ سمیت دنیا اعتراف کر چکی ہے ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں امن مذاکرات کی بحالی کی غرض سے چار فریقی مذاکرات 6 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔

پاک روس تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے روس کے صدر ولادی میر پوٹن کو دورہ کی دعوت دی ہے۔انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے تنازع میں پاکستان کی ثالثی کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کے بیان پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا رپورٹس پر کسی قسم کا بیان نہیں دے سکتے۔