اساتذہ کے پاس معاشرے کو بدلنے کی جو قوت ہے وہ کسی اور کے پاس نہیں ٗ سردارمہتاب خان عباسی

تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت نوجوانوں کی زندگی کو کامیاب بنا سکتی ہے ٗ گور نر خیبر پختون کا خطاب

جمعرات 28 جنوری 2016 18:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء)گورنرخیبر پختونخوا سردار مہتاب خان نے کہا ہے کہ اساتذہ کے پاس معاشرے کو بدلنے کی جو قوت ہے وہ کسی اور کے پاس نہیں ، تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت نوجوانوں کی زندگی کو کامیاب بنا سکتی ہے۔جمعرات کو یہاں اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’’بیسٹ یونیورسٹی ٹیچرز ایوارڈ‘‘ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں، اور نجی یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے شرکت کی۔

چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر سمیت وفاقی دارالحکومت سے ان اساتذہ کا انتخاب ان کی بہترین کارکردگی کے باعث کیا گیا تھا۔ گورنر سردار مہتاب خان نے کہا کہ دنیا میں وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جن کی تعلیمی بنیاد مضبوط ہوتی ہے گزشتہ دس سالوں سے تعلیم پر بہت توجہ دی جا رہی ہے، پاکستان میں یونیورسٹیوں کی تعداد کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی بہت سرمایہ کاری کی گئی ہے، موجودہ حکومت تعلیمی شعبہ کے لئے بڑی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بھی ترقی کر سکتے ہیں، ہر انسان کو اپنا احتساب خود کرنا ہوگا۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ بچوں کو سچ بولنے کی تربیت دیں، یہ تربیت کا حصہ ہے اور یہ تربیت استاد نے بھی دینی ہے، موجودہ حکومت کے دور میں تعلیمی اداروں اور بڑی تعداد میں یونیورسٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم حاصل کر کے ملک کے مفید شہری کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینا ہوں گی، ہمیں مل کر پاکستان کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا۔

جن اساتذہ کو ایوارڈ دیئے گئے ان میں ڈاکٹر شہزاد بحریہ یونیورسٹی، ڈاکٹر شمس القمر کامسیٹس، ڈاکٹر خرم خورشید انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی، ڈاکٹر ثمینہ ملک بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی، ڈاکٹر خلیل احمد بین الاقوامی قراقرم یونیورسٹی گلگت، ڈاکٹر شاہین اختر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، ڈاکٹر سید عبدالغفار بخاری (نمل)، ڈاکٹر جمیل احمد نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر کو ایوارڈز دیئے گئے۔