وزیر اعظم کے انڈسٹری کیلئے اعلان کردہ بجلی کے ٹیرف میں تین روپے کمی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائیگا‘ انجینئر خرم دستگیر

2018ء میں توانائی بحران اگر ختم نہ بھی ہوا تو اس پر کافی حد تک قابوپا لیا جائیگا،وفاقی وزیر صنعت و تجار ت کا تقریب سے خطاب/میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 جنوری 2016 18:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر صنعت و تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے انڈسٹری کے لئے اعلان کردہ بجلی کے ٹیرف میں تین روپے کمی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا،پاکستان ایران پرسے عالمی پابندیاں اٹھائے جانے کا بھرپور فائدہ اٹھائے گا،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت ایران گوادر تک پائپ لائن بچھا چکا ہے جبکہ پاکستان حکومت باقی ماندہ پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ خود مکمل کرے گی اور یہ منصوبہ سی پیک منصوبے کے ساتھ ہی پایہ تکمیل کو پہنچے گا،لیدر ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے قیام کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری ہو جائے گا،2018ء میں توانائی بحران اگر ختم نہ بھی ہوا تو اس پر کافی حد تک قابوپا لیا جائے گا ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایکسپو سنٹر لاہور میں دوسرے پاکستان میگا لیدر شو2016ء کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سی ای او ایس ایم منیر ،پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلزار فیروز، پاکستان فٹ فیئر ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وسیم ذکریا،سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر افتخار علی ملک ،ایف پی سی سی آئی کے صدرعبدالرؤف عالم ،چیئرمین پاکستان گلوز مینوفیکچررو ایکسپورٹرز ایسو سی ایشنصداقت علی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ لیدر کی نمائش میں پاکستانی صنعتوں کاکام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے ،پاکستان میں لیدر سیکٹر میں بہت پو ٹینشل ہے اور اس حوالے سے لیدر کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامات کیے جائیں گے ، لیدر ایکسپورٹرز کے تحفظات دور کیے جائینگے ۔ڈیوٹی ڈرا بیکس ریفنڈ سمیت دیگر مسائل پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے بات کروں گا۔

اندرون و بیرون ملک لیدر کی صنعت کے فروغ کیلئے لیدر ایکسپورٹ پروموشن کونسل بنانے کا فیصلہ ہو گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری ہو جائے گا، لیدر کی اشیاء کا معیار چیک کرنے کیلئے لیبارٹریز بھی بنائی جائیں گی جس سے اس صنعت کی صلاحیتیوں میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مطالبے پر بیرون ممالک نئے کمرشل آفیسرز سخت میرٹ پر تعینات کئے جائیں گے تاکہ وہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا حل اور اپنی بھرپور خدمات فراہم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، کراچی اور قبائلی علاقوں میں امن و امان قائم ہو ا ہے ۔ وہ دور چلا گیا ہے جب کہا گیاتھاکہ پاکستان ایک ناکام ریاست ہے اور ڈیفالٹ کر جائے گا ۔ اس وقت پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر ز تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں توانائی بحران بڑی حد تک ختم ہو جائے گا ۔ انڈسٹری کو گیس اور بجلی مناسب نرخوں پر فراہم کریں گے ۔

توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،اس سال انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی ۔ وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے ملک میں چین چھیالیس ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس میں سے 36ارب ڈالر ز انرجی کے منصوبوں کے لئے ہیں۔ تھر کوئل منصوبے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔

2.5ارب ڈالر کا یہ منصوبہ 2018ء میں مکمل ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سیاسی استحکام حاصل کر لیا ہے جس سے ہمارے تاریک دور کا خاتمہ اورپاکستان کے ایک پرامن اورخوشحال دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا پارٹنرہے جس نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دیا ہے ۔ یہ سٹیٹس پاکستان میں سیاسی استحکام اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث ملا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان اس لئے کیا ہے تاکہ پاکستانی صنعتیں دیگر ممالک کی صنعتوں کا مقابلہ کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ قطر سے ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے ۔ دو ماہ میں انڈسٹری کو مناسب نرخوں پر گیس میسر آئے گی ۔ پاکستان ایران پرسے عالمی پابندیاں اٹھائے جانے کا بھرپور فائدہ اٹھائے گا ۔

ایران کو پہلے سے زیادہ چاول برآمد کئے جائیں گے اور دیگر مصنوعات کی تجارت کے حوالے سے بھی ایران سے بات کریں گے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت ایران نے گیس پائپ لائن سرحد تک بچھا دی ہے اور پاکستان حکومت ملک کے اندر اس منصوبے کے تحت خود گیس پائپ لائن بچھائے گی ۔ یہ منصوبہ سی پیک منصوبے کے ساتھ ہی تکمیل کو پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :