عمردرازنے بھارتی پرچم صرف ویرات کوہلی کے مداح کی حیثیت سے لہرایا، اسکے کوئی مذموم مقاصد نہیں تھے : اوکاڑہ پولیس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 جنوری 2016 19:08

عمردرازنے بھارتی پرچم صرف ویرات کوہلی کے مداح کی حیثیت سے لہرایا، اسکے ..

اوکاڑہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جنوری۔2016ء) اوکاڑہ کے نواحی گاﺅں میں شہری کی جانب سے بھارتی پرچم لہرانے پر پولیس کی تفتیش جاری ہے کے تاہم ابھی تک یہی پتہ چل سکا ہے ملزم نے لاعلمی میں یہ اقدام بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی کے مداح کی حیثیت سے ہی اٹھایا ہے نہ کہ اس کے کوئی مذموم مقاصد تھے۔ عمر دراز کو26جنوری کو بھارت اور آسٹریلیا نے ٹی 20 میچ میں بھارت کی فتح کے بعد اپنے مکان پر بھارت کا جھنڈا لہرانے پر حراست میں لیا گیا تھا۔

جس پرپولیس نے ان کے خلاف نقص امن عامہ کی دفعہ 16 ایم پی او کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123 اے کے تحت بھی مقدمہ درج کیا ہے جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ دس برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی طرف سے بھارتی پرچم لہرانے کی اطلاع گاوں والوں نے دی تھی تاہم اس مقدمے میں ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقدمے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد عمران کا کہنا ہے کہ ملزم عمر دراز کرکٹ کا اچھا کھلاڑی ہے اور ویراٹ کوہلی سے مشابہت کی وجہ سے بھی وہ اپنے دوستوں سے کہتا تھا کہ اسے کوہلی کے نام سے ہی پکارا جائے۔ان کے مطابق ملزم زیادہ تر ویراٹ کوہلی کے نام کی ٹی شرٹ پہنے رکھتا تھا بلکہ اس نے اپنے کمرے میں اپنی اور ویراٹ کوہلی کی تصاویر بھی ساتھ ساتھ لگا رکھی تھیں۔

ملزم عمر دراز کے بھائی عارف علی کا بھی کہنا ہے کہ ان کے بھائی اور پورا خاندان محب وطن ہیں اور ملک سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انھوں نے کہا کہ گاوں کے لڑکوں نے کرکٹ کی مختلف ٹیمیں بنا رکھی ہیں اور عمر دراز ان میں سے بھارت نامی ٹیم کا رکن تھا تاہم وہ نہیں جانتے کہ اس نے کیوں گھر کے اوپر بھارتی پرچم لگایا۔عارف نے کہا کہ وہ غریب لوگ ہیں اتنی ہمت بھی نہیں کہ کوئی بڑا وکیل کر کے عمردراز کو رہا کروانے کی کوشش کر سکیں۔

عمردرازنے بھارتی پرچم صرف ویرات کوہلی کے مداح کی حیثیت سے لہرایا، اسکے ..

متعلقہ عنوان :