ضلعی حکومتیں مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں ، جلوسوں اور دھرنوں پر عائد پابندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں‘لاہور چیمبر

جلاؤ گھیراؤ کے خوف سے دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں ،بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘شیخ محمد ارشد ، الماس حیدر اور ناصر سعید کا مشترکہ بیان

جمعرات 28 جنوری 2016 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) لاہو رچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں ، جلوسوں اور دھرنوں پر عائد پابندی کی مسلسل خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب اور ضلعی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ موثر کردار ادا کرتے ہوئے پابندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔اپنے مشترکہ بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ مال روڈ نہ صرف ایک اہم تجارتی مرکز اور شہر کے اہم حصوں سے رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ صوبائی اسمبلی اور واپڈا ہاؤس جیسی اہم عمارات بھی یہاں واقع ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیکشن 144کے تحت مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہے لیکن آئے روز اس قانون کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں اور شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے جبکہ مظاہرین کی آڑ میں سماج دشمن عناصر بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیرملکی مہمان بھی مال روڈ پر طوفان بدتمیزی کا مظاہرہ دیکھ چکے ہیں جس کی وجہ سے ملک کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مال روڈ نہ صرف تاریخی حوالے سے پہچان رکھتی ہیں بلکہ ملک کا بہت اہم تجارتی مرکز بھی ہے جبکہ اس کے سنگم پر ہال روڈ الیکٹرانکس مارکیٹ اور دیگر بہت سی مارکیٹیں ہیں جہاں روزانہ کروڑوں کا کاروبار ہوتا اور حکومت کو بھاری محاصل ملتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ قانون کے مطابق مال روڈ پر جلسے جلوس اور احتجاجی مظاہرے کرنے پر پابندی عائد ہے لیکن ہر روز اس کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مال روڈ کو بلاک کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کا نظام بْری طرح متاثر ہوتا ہے بلکہ گاہکوں کی آمد و رفت بند ہونے سے تاجروں کا کاروبار بھی برباد ہوجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ اداروں کی خاموشی کی وجہ سے سڑکیں بلاک کرنے کا عمل شہر کے دیگر حصوں تک بھی جا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا سب کا بنیادی حق ہے لیکن اس کی آڑ میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں تباہ نہیں ہونی چاہئیں جبکہ قانون پر عمل درآمد بھی ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے دھڑک احتجاجی مظاہروں اور جلسے جلوسوں سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کے خوف سے مال روڈ کے تاجروں کو دکانیں بند کرنا پڑتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اور دیگر متعلقہ ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے کرنے پر عائد پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائیں ۔

متعلقہ عنوان :