زیادہ شرح خواندگی ملک کی ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی ہو سکتی ہے ٗزرینہ عالم خان

ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ اور شرح خواندگی میں اضافہ کی اشد ضرورت ہے ٗ چیئر پرسن این سی ایچ ڈی کوئی ملک تعلیم کے بغیر معاشی طور پر مضبوط نہیں ہو سکتا ٗ اجلاس سے خطاب

جمعرات 28 جنوری 2016 20:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کی چیئرپرسن رزینہ عالم خان نے کہا ہے کہ زیادہ شرح خواندگی ملک کی ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی ہو سکتی ہے تاکہ ہم قوموں کی برادری میں باوقار اور پڑھی لکھی قوم کی حیثیت سے پہچانے جا سکیں۔ جمعرات کو این سی ایچ ڈی 40 ویں سہ ماہی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ اور شرح خواندگی میں اضافہ کی اشد ضرورت ہے جو عالمی برادری میں باوقار مقام حاصل کرنے کا بنیادی تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی اور خواندگی میں اضافہ کے لئے سول سوسائٹی کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ روزینہ عالم خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اٹھائے اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواندگی کسی بھی معاشرے میں معاشی، سیاسی اور سماجی تبدیلی کیلئے اہم حیثیت رکھتی ہے۔ خواندگی سے غربت کا خاتمہ، پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے اور معیاری روزگار کے اضافے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوئی سیاسی عزم نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسکولوں میں بچوں کے کم اندراج، اسکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ بڑی تعداد میں بالغ افراد کو تعلیم دی جائے تاکہ وہ اپنی زندگی سنوار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافہ کے لئے کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں ڈونرز، اسٹیک ہولڈرز اور شراکت داروں کے تعاون سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی کے 164190 لٹریسی سینٹرز میں 38 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کو خواندہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 95 فیصد یہ سینٹر خواتین کی تعلیم کے لئے بنائے گئے۔ این سی ایچ ڈی کے کردار سے قومی شرح خواندگی 2 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی نے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر وفاقی حکومت کے زیر انتظام علاقوں میں 100 مدرسہ اسکول کھولے جس کا مقصد طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی فراہم کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی ملک کے 146 اضلاع میں کام کر رہی ہے۔ چیئرپرسن نے لاکھوں بچوں کو اسکول بیٹھنے اور نوجوان ناخواندہ افراد کو ان کے متعلقہ علاقون میں بنیادی تعلیم فراہم کرنے کے سلسلہ میں کمیشن کے ساتھ تعاون پر صوبائی وزیر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک تعلیم کے بغیر معاشی طور پر مضبوط نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سخت محنت اور لگن کے ساتھ ہر بچے کو اسکول بھیجنے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔

تعلیم کا فروغ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے جس کے لئے موثر نگرانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اہداف میں کامیابی پر انعام دیا جانا چاہئے اور اس سلسلہ میں کوتاہی اور غفلت کے مرتکب افراد سے سختی سے نمٹنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کے بغیر معیار تعلیم کا حصول ممکن نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اساتذہ کے لئے تنخواہوں کے اچھے پیکیج کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بہبود ہمارا مقصد ہے۔ اجلاس میں این سی ایچ ڈی کی خیبر پختونخواہ سے رکن صباء گل خٹک اور سندھ سے رکن ڈاکٹر سونو خنگرانی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :