Live Updates

ایاز صادق کا پیچھا عمران خان نہیں اُن کے کرتوت کر رہے ہیں ،بہتر ہے وہ دھاندلی کا پیچھا چھوڑ دیں ‘عبدالعلیم خان

حکومت نے اورنج لائن منصوبے میں قوانین و ضوابط کی دھجیاں بکھیر دیں عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے‘ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 جنوری 2016 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایازصادق کو غلط فہمی ہوئی ہے اُن کا پیچھا عمران خان نہیں بلکہ خود اُن کے اپنے وہ کرتوت کر رہے ہیں جو انہوں نے ووٹر لسٹوں میں ردو بدل کے ذریعے کیے ہیں ، ایاز صادق سپیکر کے منصب کے اہل کردار کا مظاہرہ کریں اور عمران خان سے نہ ڈریں اور بہتر ہو گا کہ وہ دھاندلی کا پیچھا چھوڑ دیں ،تحریک انصاف اُن کا پیچھا چھوڑ دے گی ، ججوں پر دباؤ ڈال کر فیصلے لینے کے بارے میں بھی عمران خان نہیں نواز لیگ بہتر تجربہ رکھتی ہے جس نے سپریم کورٹ آف پاکستان پر دھاوا بولنے سے بھی گریز نہیں کیا تھا درحقیقت موجودہ حکومت ،وزراء اور بوگس سپیکر کو عمران خان فوبیا ہو چکا ہے جنہیں سوتے جاگتے پی ٹی آئی کے خواب ڈراتے رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اصل کارکردگی کا بھانڈہ وزیر داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس کے ذریعے پھوڑ دیا ہے پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین کے منصوبے میں قوانین و ضوابط کی دھجیاں بکھیردیں اور اقوام متحدہ کے نوٹس پر بھی ٹس سے مس نہیں ہوئی انہو ں نے لاہور ہائی کورٹ کے تازہ حکم امتناعی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان احکامات پر عمل درآمد ہونا چاہیے ۔

لینڈ ایکٹ کی خلاف ورزی اور ٖغریب عوام کے بلا معاوضہ گھروں کی مسماری قابل مذمت ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت بوگس سروے پر بغلیں بجانے کی بجائے زمینی حقائق کا جائزہ لے اور سمن آباد ،گڑھی شاہو اور این اے122کے مختلف علاقوں کے غریب عوام کے احتجاج پر کان دھرے جن کی ساری عمر کی جمع پونجی راتوں رات تباہ کر دی گئی ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کے عوام کا مطالبہ پینے کا صاف پانی ،تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی ہے جبکہ حکمران سستی شہرت حاصل کرنے کے ہتھکنڈوں پر عمل کر رہی ہے اور عوام کے بنیادی مسائل پر کوئی توجہ نہیں اور دھونس اور سرکاری دباؤ سے غیر قانونی طور پر کام شروع کر رکھا ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اس منصوبے کے متاثرین کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی اور حکومت کو مجبور کرے گی کہ اس شاہا نہ لیکن عوام دشمنی پر مبنی منصوبے پر نظر ثانی کرے اور اسے فوری طور پر بند کر کے اہل لاہور کو عذاب سے بچایا جائے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات