ضمانت خارج ہونے پر ملزم کی عدالت سے فرار ہونے کی کوشش ناکام

جمعرات 28 جنوری 2016 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء ) لاہور ہائی کورٹ سے لڑکی سے زیادتی کے مقدمے میں ضمانت خارج ہونے پر ملزم کی فرار ہونے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی،پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد حمید نے ملزم اشفاق کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ملزم کے خلاف شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے گزشتہ سال خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا ۔

(جاری ہے)

ملزم کا موقف تھا کہ وہ مقدمے میں نامزد نہیں تھا خاتون نے سپلیمنٹری بیان میں اسے نامزد کیا مقدمہ کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تفتیش میں گناہگار پایا گیا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بھی خاتون سے زیادتی ہونا ثابت ہوئی ہے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کے ایسے گھناؤنے جرم میں ملوث ملزم رعایت کے مسحق نہیں ہیں ۔ بعدا زاں ملزم نے کمرہ عدالت سے نکلتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی جوکہ پولیس نے ناکام بناتے ہوئے اسے موقع پر گرفتار کرلیا ۔