مجھے اب پاپولر ایوارڈ شوز پر یقین نہیں آتا‘اداکاررشی کپور

یقین نہیں آتا اسٹار ڈسٹ ایوارڈ نے پرینیتی کو وزن کم کرنے پر ایوارڈ دیا‘انٹرویو

جمعہ 29 جنوری 2016 12:24

مجھے اب پاپولر ایوارڈ شوز پر یقین نہیں آتا‘اداکاررشی کپور

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء)بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور اداکاری کے علاوہ ٹوئٹر پر اپنی بے باک ٹوئیٹس کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں، حال ہی وہ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کو وزن کم کرنے کے بعد ایوارڈ ملنے پر بھی تنقید کرتے نظر آئے۔گزشتہ سال منعقد ہونے والے اسٹار ڈسٹ ایوارڈ میں پرینیتی چوپڑا کو”اسٹائل آئیکون آف دی ائیر“ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا تاہم رشی کا ماننا ہے کہ انہیں یہ ایوارڈ صرف وزن کم کرنے پر دیا گیا۔

رشی کپور کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ مجھے یقین نہیں آتا کہ اسٹار ڈسٹ ایوارڈ نے پرینیتی کو وزن کم کرنے پر ایوارڈ دیا۔ کیا مجھے وزن بڑھانے پر ایوارڈ دیا جائے گا۔رشی نے ایوارڈ شو پر بھی تنقید کی اور کہا ’مجھے اب پاپولر ایوارڈ شوز پر یقین نہیں آتا، ان کی حالت پہلے سے زیادہ خراب ہے، میں ان ایوارڈز کو اپنے دروازے کی چٹائی کی طرح رکھتا ہوں۔

(جاری ہے)

رشی کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر سب کو خوش کرنا ہے تو پھر ایوارڈ کا مطلب کیا ہوا؟ ان ایوارڈز نے فلم ایوارڈ کا حال برا کر دیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال 8 جنوری کو منعقد ہونے والے اسکرین ایوارڈز میں رشی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جس کے بعد اداکار نے ٹوئٹر پر سب کا شکریہ ادا کیا تھا۔لیکن پرینیتی کے حوالے سے دیا گیا ان کا حالیہ بیان اپنی ہی بات کے بالکل برعکس معلوم ہوتا ہے-