دی گئی معلومات معطل شدہ فیفا صدر سیپ بلیٹر کیخلاف مجرمانہ کیس میں’ مددگار‘ ثابت ہو سکتی ہیں ،سوئس اٹارنی جنرل

جمعہ 29 جنوری 2016 12:29

دی گئی معلومات معطل شدہ فیفا صدر سیپ بلیٹر کیخلاف مجرمانہ کیس میں’ ..

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) راز افشا کرنے والے ایک شخص کی جانب سے دی گئی معلومات فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے معطل شدہ صدر سیپ بلیٹر کے خلاف مجرمانہ کیس میں’ ددگار‘ ثابت ہو سکتی ہیں سوئٹزر لینڈ کے پراسیکیوٹرز کے مطابق سیپ بلیٹر کے خلاف سوئس استغاثہ کی جانب سے مجرمانہ انتظامی نااہلی سے متعدد تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سوئس اٹارنی جنرل کے دفتر کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ دفتر کو ایک عینی شاہد کی جانب سے معلومات ملی ہیں اور یہ بہت مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔گذشتہ ماہ دسمبر میں ضابطہ اخلاق سے متعلق تحقیقات کے بعد فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے معطل شدہ صدر سیپ بلیٹر اور یوئیفا کے سربراہ میشل پلاٹینی پر آٹھ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

بلیٹر اور پلاٹینی پر الزام ہے کہ انھوں نے غیر قانونی طور پر رقم لے کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی تاہم دونوں کا یہ دعویٰ ہے کہ یہ رقم 1998 سے 2002 کے درمیان کام کے ایک معاہدے میں واجب الادا تھی اور اس وقت پلاٹینی بلیٹر کے تکنیکی معاون کے طور پر کام کرتے تھے۔

یہ بھی سامنے آیا کہ یہ رقم پلاٹینی سے کیے جانے والے تحریری معاہدے کا حصہ نہیں تھی بلکہ بلیٹر اور پلاٹینی کا اصرار ہے کہ یہ زبانی معاہدہ تھا جو کہ سوئس قانون کے تحت جائز ہے۔